شبلی فراز وفاقی وزیر اطلاعات، جنرل عاصم باجوہ معاون خصوصی مقرر

وزیر اعظم عمران خان نے ایک ماہ میں اپنی کابینہ میں دوسری مرتبہ ردوبدل کرتے ہوئے وزارت اطلاعات میں تبدیلیاں کی ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے حکمراں جماعت تحریک انصاف کے رہنما و سینیٹر شبلی فراز کو وزیر اطلاعات و نشریات مقرر کردیا جبکہ سابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو فردوس عاشق اعوان کی جگہ معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کیا ہے۔

کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق عاصم سلیم باوجوہ کو اعزازی طور پر وزیر اعظم کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین تھے۔

سابق وزیر اطلاعات اور موجودہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ کے ذریعے وفاقی کابینہ میں ہونے والی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شبلی فراز اور عاصم سلیم باجوہ مل کر ایک بہترین ٹیم بنائیں گے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان 2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکمرانی میں وفاقی وزیر اطلاعات رہ چکی ہیں، بعد ازاں وہ عام انتخابات میں شکست کھانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئی تھیں۔

سیاسی جماعت تبدیل کرنے کے باوجود 2018 کے عام انتخابات میں بھی اُنہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم انہیں گذشتہ سال 18 اپریل کو معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کیا گیا تھا۔ اس طرح وہ ایک سال نو روز اس عہدے پر فائض رہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹر پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ’وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ۔ انھوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ ایک سال کے عرصے میں اپنی بھرپور صلاحیتوں سے فرائض سر انجام دینے کی کوشش کی۔‘

’وزیراعظم کا استحقاق ہے کہ ٹیم کے کس کھلاڑی کو کونسے بیٹنگ آرڈر یا کونسی فیلڈ پوزیشن پر کھلانا ہے۔ میں ان کے فیصلے کا احترام کرتی ہوں۔‘

ایک حکومت نواز نجی ٹی وی چینل کے مطابق انہیں بدعنوانی کے الزامات کا سامنا تھا اس لیے ہٹایا گیا لیکن اس خبر کی تردید یا تصدیق سرکاری سطح پر نہیں ہوئی۔

شبلی فراز کون ہیں؟

پاکستان کے معروف شاعر فراز احمد فراز کے صاحبزادے سینیٹر شبلی فراز کو اگست 2018 میں سینیٹ میں قائدِ ایوان مقرر کیا گیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وہ 2015 میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر خیبرپختونخوا سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔ وہ کافی پڑھے لکھے اور مدلل انسان ہیں۔

عاصم سلیم باجوہ کون ہیں؟

لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ ریٹائرمنٹ سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)، ڈی جی آرمز اور کمانڈر سدرن کمانڈ سمیت دیگر اہم عہدوں پر فائز رہے۔

گذشتہ سال نومبر میں وفاقی حکومت نے انہیں پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کا سربراہ مقرر کردیا تھا۔

وفاقی کابینہ میں یہ ایک ماہ میں دوسری تبدیلی ہے۔ اس سے قبل وزیر اعظم نے مخدوم خسرو بختیار کو وفاقی فوڈ سکیورٹی کی وزارت سے ہٹا کر انہیں اقتصادی امور کا وفاقی وزیر بنا دیا تھا۔

ان تازہ تبدیلیوں کے بارے میں سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تقریبا حکومت میں دو سال گزارنے کے باوجود عمران خان کابینہ سے مطمئن نہیں ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست