بالی وڈ اداکار عرفان خان چل بسے

عرفان خان کو رواں ہفتے کے شروع میں بڑی آنت کے انفیکشن کے باعث ممبئی کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کی عمر 53 برس تھی۔

عرفان خان کے کریڈٹ پر   'سلم ڈاگ ملینیئر، لائف آف ہائی اور دی امیزنگ سپائیڈر مین' جیسی فلمیں ہیں۔ (تصویر: ٹوئٹر)

کینسر میں مبتلا بالی وڈ کے مشہور اداکار عرفان خان 53 برس کی عمر میں ممبئی میں انتقال کرگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عرفان خان کے ترجمان نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بالی وڈ اسٹار کو رواں ہفتے کے شروع میں بڑی آنت کے انفیکشن کے باعث ممبئی کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں وہ دم توڑ گئے۔

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا: 'عرفان ایک مضبوط روح تھے، ایک ایسا شخص جس نے آخر تک جدوجہد کی اور اپنے قریب آنے والے ہر شخص کو ہمیشہ متاثر کیا۔'

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عرفان خان میں 2018 میں نیورو اینڈوکرائن ٹیومر کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ علاج کی غرض سے لندن میں مقیم رہنے کے بعد گذشتہ برس بھارت واپس آئے تھے۔

ان کے کریڈٹ پر 'سلم ڈاگ ملینیئر، لائف آف ہائی، دی امیزنگ سپائیڈر مین، ہندی میڈیم، لنچ باکس اور پیکو' سمیت بے شمار کامیاب فلمیں ہیں۔

عرفان خان کے انتقال پر بھارت کی شوبز اور کھیل سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے گہرے غم و رنج کا اظہار کیا ہے۔

بالی وڈ کے بگ بی امیتابھ بچن نے عرفان خان کی موت کو بہت افسوس ناک خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے جانے سے ایک خلا پیدا ہوگیا ہے۔

بھارتی فلمساز راکیش روشن نے عرفان خان کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

بھارتی اداکارہ منیشا کوئرالہ نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عرفان خان کی موت پر دکھ کا اظہار کیا اور لکھا: 'آپ اپنے کام کی وجہ سے ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گے اور ہماری باتیں، کتابیں اور فلمیں میرے ساتھ ایک خزانے کی طرح رہیں گی۔'

بالی وڈ اداکارہ پریٹی زنٹا نے بھی عرفان خان کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت جلدی اس دنیا سے چلے گئے۔

سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے عرفان خان کو اپنا پسندیدہ اداکار قرار دیتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔

 

زیادہ پڑھی جانے والی فلم