یوم قدس پر اسرائیل مخالف ریلیاں نکلیں گی مگر گاڑیوں پر: حسن روحانی

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے یوم قدس موقع پراسرائیل مخالف ریلیوں میں شریک افراد گاڑیوں میں سے ہی نعرے لگاتے اور جھنڈے لہراتے ہوئے گزریں گے۔

سرکاری ٹی وی پر اپنے خطاب میں صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ پاسداران انقلاب ریلیوں کا انتظام سنبھالیں گے (تصویر: اے ایف پی)

ایران صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اس سال یوم قدس کے موقع پر اسرائیل مخالف ریلیوں میں لوگ پیدل نہیں بلکہ گاڑیوں کے ساتھ شریک ہوں گے۔

سرکاری ٹی وی پر اپنے خطاب میں صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ پاسداران انقلاب ریلیوں کا انتظام سنبھالیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان ریلیوں میں شریک ہونے والے افراد اپنی گاڑیوں میں سے ہی نعرے لگاتے ہوئے جھنڈے لہراتے ہوئے گزریں گے۔

یوم قدس کے موقع پر نکالی جانے والی ریلیوں کا مقصد فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہیتی کرنا ہوتا ہے اور ہر سال ان ریلیوں میں ’اسرائیل کے خاتمے‘ کے نعرے لگانے کے ساتھ ساتھ اسرائیلی پرچم نذر آتش کیے جاتے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کے آخری جمعے کو یوم قدس کے طور پر 218 قصبوں اور شہروں میں معمول کے مطابق منایا جائے گا۔

’کرونا وائرس کا خطرہ اب بھی موجود ہے، لیکن ہماری صورتحال پہلے سے بہتر ہے۔ ہم وہ وقت گزار چکے ہیں جب کرونا عروج پر تھا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایران میں کرونا وائرس کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو وزارت صحت کے مطابق سنیچر تک 6937 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ ایک لاکھ 18 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 مزید ہلاکتیں ہوئی ہیں جو کہ گذشتہ 70 دنوں کے مقابلے میں کم ترین تعداد ہے۔

دوسری جانب ایران میں شیعہ مسلمانوں کے مقدس مقامات کو بھی رمضان کے بعد روزانہ چھ گھنٹوں کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حسن روحانی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ان مقدس مقامات کو صبح تین گھنٹے اور پھر دوپہر میں تین گھنٹوں کے لیے کھولا جائے گا۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان مزارات کے تنگ مقامات کو بند ہی رکھا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان کے بعد ملک میں ریستورانت بھی کھول دیے جائیں گے اور کھیلوں کی سرگرمیاں بھی بغیر تماشیائیوں کے شروع کر دی جائیں گی۔ اسی طرح ملک میں میڈیکل سکولوں کے علاوہ یونیورسٹیاں بھی چھ جون سے کھول دی جائیں گی۔

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا