پاکستان نے بدھ کو سری لنکا کو پہلے ٹی 20 میچ میں شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔
یہ سیریز دونوں ٹیموں کی آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ سات فروری سے انڈیا اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔
دمبولا میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکن ٹیم صرف 128 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستان نے 129 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
صاحبزادہ فرحان نصف سینچری جبکہ صائم ایوب 24 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 59 رنز پر گری جب صائم ایوب 24 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس مختصر ہدف کے تعاقب اور عمدہ اوپننگ پارٹنرشپ کے باوجود پاکستان کی مزید تین وکٹیں جلدی جلدی گریں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سلمان علی آغا 16، فخر زمان پانچ اور صاحبزادہ فرحان 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد عثمان خان نے سات اور اس سیریز کے ساتھ ٹیم میں واپسی کرنے والے شاداب خان نے برق رفتار 18 رنز بنا کر ٹیم کو جیت دلوائی۔
اس سے قبل سری لنکن ٹیم نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو صرف 38 رنز پر ہی اس کی ابتدائی چار وکٹیں گر گئی تھیں۔
میزبان ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 40 رنز جنتھ لیانانگے نے سکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے تمام ہی بولرز نے عمدہ بولنگ کی اور سری لنکا کو اپنے ہی میدان پر کھل کر رنز سکور کرنے سے روکے رکھا۔
سلمان مرزا نے صرف 18 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ محمد وسیم جونیئر اور شاداب خان نے دو، دو جبکہ مسٹری سپنٹر ابرار احمد نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ نو جنوری کو کھیلا جائے گا۔