سمیر منہاس کی تیز ترین سینچری، پاکستان نے انڈر 19 سہ ملکی سیریز جیت لی

سمیر منہاس نے فائنل میں زمبابوے کے خلاف صرف 42 گیندوں پر سینچری سکور کر کے انڈین بلے باز ویبھو سوریا ونشی کا تیز ترین سینچری کا ریکارڈ توڑ دیا۔

سمیر منہاس نے زمبابوے کے خلاف 51 گیندوں پر 114 رنز کی اننگز کھیلی جس میں پانچ چھکے اور 17 چوکے شامل تھے (فوٹو/ پی سی بی/ فیس بک)

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے سمیر منہاس کی تیز ترین سینچری کی بدولت زمبابوے کو شکست دے کر سہ ملکی سیریز جیت لی ہے۔

ہرارے میں کھیلے جانے والی ون ڈے سیریز میں پاکستان نے زمبابوے کو فائنل میں نو وکٹوں سے شکست دی۔

زمبابوے کی انڈر 19 ٹیم کے 158 رنز کا ہدف پاکستان نے 17ویں اوور میں ہی ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جیت میں ایک بار پھر سمیر منہاس نے اہم کردار ادا کیا جو اس سے قبل انڈر 19 ایشیا کپ میں بھی اپنا لوہا منوا چکے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق سمیر منہاس نے فائنل میں زمبابوے کے خلاف صرف 42 گیندوں پر سینچری سکور کر کے انڈین بلے باز ویبھو سوریا ونشی کا تیز ترین سینچری کا ریکارڈ توڑ دیا۔

سوریا ونشی نے 52 گیندوں پر سینچری سکور کر کے ریکارڈ بنایا تھا۔

سمیر منہاس 51 گیندوں پر 114 رنز کی اننگز کھیلی جس میں پانچ چھکے اور 17 چوکے شامل تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے قبل سہ ملکی سیریز کے فائنل میں زمبابوے کی پوری ٹیم 44.4 اووروں میں 158 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

زمبابوے کی جانب سے مائیکل بلگناٹ 60 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔

پاکستان کی جانب سے عمر زیب نے 4 وکٹیں لیں جس پر انہیں فائنل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جبکہ سمیر منہاس ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جنہوں نے پانچ میچوں میں کل 360 رنز سکور کیے جس میں دو سینچریاں اور ایک نصف سینچری شامل ہے۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ