پاکستان اور بنگلہ دیش کی فضائیہ نے منگل کو جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی ممکنہ خریداری پر گفتگو کی ہے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ بنگلہ دیش فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے اسلام آباد میں پاکستان فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
ایئر ہیڈکوارٹرز میں ہوئی اس ملاقات میں آپریشنل تعاون، تربیت، استعداد کار میں اضافے اور ایرو اسپیس کے شعبے میں اشتراک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بنگلہ دیش فضائیہ کے سربراہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے وفد کو پاکستان فضائیہ کی حالیہ پیش رفت سے آگاہ کیا اور بنگلہ دیش فضائیہ کو بنیادی سے لے کر جدید سطح تک فلائنگ اور خصوصی کورسز پر مشتمل جامع تربیتی فریم ورک فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے سپر مشاق تربیتی طیاروں کی تیز رفتار فراہمی اور طویل المدتی تکنیکی معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان کے مطابق بنگلہ دیش فضائیہ کے سربراہ نے پاکستان فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جنگی ریکارڈ کو سراہتے ہوئے اپنی فضائیہ کے پرانے بیڑے کی دیکھ بھال، فضائی دفاعی ریڈار سسٹمز کے انضمام اور فضائی نگرانی بہتر بنانے میں تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی ممکنہ خریداری پر بھی گفتگو ہوئی۔
بنگلہ دیشی وفد نے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر، پی اے ایف سائبر کمانڈ اور نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں آئی ایس آر، سائبر، سپیس، الیکٹرانک وارفیئر اور بغیر پائلٹ نظاموں کی صلاحیتوں سے آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی تعلقات اور دفاعی شعبے میں طویل المدتی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔