پاکستان اور بنگلہ دیش میں براہ راست پروازیں جنوری سے شروع ہونے کی توقع

بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر سے ملاقات میں پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف مسافروں کو سہولت ملے گی بلکہ تجارتی اور ثقافتی روابط میں بھی اضافہ ممکن ہو گا۔

پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر ڈھاکہ میں اتوار کو بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس سے ملاقات کر رہے ہیں (ٹوئٹر اکاؤنٹ محمد یونس)

ڈھاکہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ آئندہ ماہ جنوری سے دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست پروازیں شروع ہو سکتی ہیں۔

پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر نے اتوار کو محمد یونس سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں حالیہ مہینوں میں گرم جوشی دیکھی گئی ہے اور دونوں جانب سے اعلیٰ عہدیداروں نے ایک دوسرے کے ملکوں کے دورے کیے ہیں۔

پاکستان اور بنگلہ دیش نے گذشتہ سال شیخ حسینہ واجد کی برطرفی کے بعد سے کشیدہ تعلقات کم کرنے کی کوششیں کیں، جس کے نتیجے میں دونوں ملکوں کو تعلقات نئے سرے سے استوار کرنے کا موقع ملا۔ دونوں ملک 1971 میں ایک جنگ کے بعد الگ ہوگئے تھے۔

بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس نے پاکستان کے ہائی کمشنر سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک بیان میں کہا کہ دونوں ملکوں میں تجارت، سرمایہ کاری اور ایوی ایشن کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات زیر غور آئے۔

بیان کے مطابق ’پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ڈھاکا اور کراچی کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز جنوری میں متوقع ہے، جو نہ صرف مسافروں کے لیے سہولت فراہم کرے گا بلکہ تجارتی اور ثقافتی روابط میں بھی نمایاں اضافہ کرے گا۔‘

 دونوں فریقوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ ثقافتی، تعلیمی اور طبی تبادلوں میں اضافے سے پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کے درمیان اعتماد اور قربت میں مزید اضافہ ہوگا۔

ہائی کمشنر عمران حیدر نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں دوطرفہ تجارت میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور دونوں ممالک کے کاروباری حلقے نئی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ ثقافتی روابط میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ پاکستانی جامعات میں بنگلہ دیش کے طلبہ کی دلچسپی خصوصاً میڈیکل سائنسز، نینو ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان کے معروف اسپتالوں میں جگر اور گردے کی پیوندکاری کے لیے آنے والے غیر ملکی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، اور پاکستان ٹرانسپلانٹیشن کے شعبے میں بنگلہ دیش کے ڈاکٹروں اور طلبہ کو مزید تربیتی اور تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

چیف ایڈوائزر پروفیسر یونس نے بڑھتے ہوئے باہمی روابط کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیائی خطے میں امن اور ترقی کے لیے تعلیمی اور ثقافتی تبادلوں کا فروغ ناگزیر ہے۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان