پی آئی اے کا ڈھاکہ کے لیے براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے پر غور

پی آئی اے نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ڈھاکہ کے لیے براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے پر غور کر رہی ہے۔

پی آئی اے کے طیارے 10 اکتوبر، 2012 کو اسلام آباد کے بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کھڑے ہیں (اے ایف پی/ فاروق نعیم)

پاکستان کی قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے اتوار کو بتایا کہ وہ ڈھاکہ کے لیے براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے پر غور کر رہی ہے۔

 پی آئی اے کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا جب پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں بہتری آ رہی ہے۔

ایئرلائن کے مطابق پاکستان میں تعینات بنگلہ دیشی ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے کراچی میں پی آئی اے کے صدر دفتر کا دورہ کیا۔

پی آئی اے نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) ہینڈل پر دورے کے بارے میں بتایا ’باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی، جن میں ڈھاکہ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی بھی شامل ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطہ دوبارہ قائم ہو اور تعلقات مزید مستحکم ہوں۔‘

سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور بنگلہ دیش کے ہوم سیکریٹری نسیم الغنی نے بھی ایک ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

سندھ حکومت کے مطابق دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کراچی اور ڈھاکہ کے درمیان براہِ راست پروازیں اور شپنگ سروسز تجارت بڑھانے اور عوامی روابط کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہیں۔

سندھ حکومت کے بیان میں کہا گیا ’بنگلہ دیشی سیکریٹری نے یاد دلایا کہ حال ہی میں ایک نجی کمپنی نے براہِ راست شپنگ سروس شروع کی تھی لیکن وہ بند ہو گئی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی کہ وہ وفاقی سطح پر اس کی بحالی میں مدد کریں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقعے پر بنگلہ دیشی چیف ایڈوائزر محمد یونس سے بات چیت کی۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی تعمیری اور آگے بڑھنے والے تعلقات استوار کرنے پر زور دیا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کبھی ایک ہی ملک تھے، لیکن 1971 میں تقسیم ہو گئے، جب مشرقی پاکستان الگ ہو کر آزاد ملک بنگلہ دیش بن گیا۔

اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں بغاوت کے بعد سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ 

شیخ حسینہ کو انڈیا کے قریب اور پاکستان پر تنقید کرنے والا سمجھا جاتا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان