غیر قانونی تعمیرات، درختوں کی کٹائی پر مونال سیل

دارالحکومت اسلام آباد میں مارگلہ پہاڑیوں پر موجود معروف مونال ریسٹورینٹ کو غیرقانونی تعمیرات اور درختوں کی کٹائی کی وجہ سے بند کر دیا ہے۔

سنہ 2005 میں سی ڈی اےکی جانب سے مونال ریسٹورینٹ تعمیر کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ (دی مونال/فیس بک)

دارالحکومت اسلام آباد میں حکام نے مارگلہ پہاڑیوں پر موجود معروف مونال ریسٹورنٹ کو غیرقانونی تعمیرات اور درختوں کی کٹائی کی وجہ سے بند کر دیا ہے۔

وفاقی وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی کے ذیلی ادارے انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی اسلام آباد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مونال ریسٹورنٹ کی جانب سے غیرقانونی تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران درختوں کی بے دریغ کٹائی اور اس کے نتیجے میں ہونے والے ماحولیاتی بگاڑ کی وجہ سے ریسٹورینٹ کو سیل کر دیا گیا ہے۔

وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی کے میڈیا فوکل پرسن محمد سلیم نے میڈیا کو بتایا کہ ان غیرقانونی تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران درختوں کی بے دریغ کٹائی کئی دنوں سے جاری تھی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ درختوں کی کٹائی اور زمین ہموار کرنے کی چند تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں جو اسلام آباد کے چیف کمشنر، پاکستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کو فراہم کی گئیں پر فوری کارروائی کی گئی۔ تاہم اسلام آباد کے شہری حیرت کا اظہار کر رہے ہیں کہ اگر سوشل میڈیا نہ ہوتا تو کیا ان غیرقانونی تعمرات کا حکومت نوٹس نہ لے پاتی۔

دوسری جانب پاکستان کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ نے بھی مارگلہ ہلز کی حدود میں غیرقانونی درختوں کی کٹائی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہر قسم کی کمرشل، تفریحی اور رہائشی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

سنہ 2005 میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے مونال ریسٹورنٹ تعمیر کرنے کی اجازت دی گئی تھی تاہم بعد میں مارگلہ ہلز نیشنل پارک کی حدود میں کئی دیگر تفریحی مقامات اور ریسٹوانٹ تعمیر ہو گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مارگلہ ہلز نیشنل پارک دارالحکومت اسلام آباد، خیبر پختوخوا اور پنجاب کی حدود میں آتا ہے۔

اس سے قبل گذشتہ نومبر میں سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ ڈاکٹر شاہد مسعود نے پارلیمانی کمیٹی جو بتایا تھا کہ مونال ریسٹورنٹ فوج کی زمین پر تعمیر کیا گیا ہے جو انہیں واپس چاہیے۔

انہوں نے کمیٹی کو بتایا تھا کہ 15 سال پہلے سی ڈی اے کو معلوم نہیں تھا کہ جہاں مونال تعمیر کیا جا رہا ہے وہ فوج کی زمین ہے۔.

مونال اسلام آباد اور ملک بھر سے آئے ہوئے شہریوں کے لیے بڑا تفریحی مقام ہے اور اس کی دلکشی ہی اس کی سرسبز پہاڑیاں ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان