عظمیٰ خان نے ملک ریاض کی بیٹیوں کے خلاف مقدمہ واپس لے لیا

اداکارہ عظمیٰ خان نے معروف سرمایہ دار ملک ریاض کی بیٹیوں کے مبینہ تشدد کے خلاف مزید کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کیس واپس لے لیا ہے۔

عظمیٰ خان نے اپنے تحریری بیان میں کہا ہے کہ  انہوں نے ملک ریاض کی بیٹیوں کے خلاف مقدمہ غلط فہمی کی بنیاد پر درج کروایا تھا (عظمیٰ خان/انسٹاگرام)

اداکارہ عظمیٰ خان نے معروف سرمایہ دار ملک ریاض کی بیٹیوں کے مبینہ تشدد کے خلاف مزید کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کیس واپس لے لیا ہے۔

کینٹ کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نعمان ناصر کے روبرو اداکارہ عظمی خان نے اپنا بیان قلمبند کروایا جس میں انہوں نے مزید کارروائی نہ کرنے کا کہا ہے۔

عظمیٰ خان نے اپنے تحریری بیان میں کہا ہے کہ ’ملک ریاض کی بیٹیوں کے خلاف مقدمہ غلط فہمی کی بنیاد پر درج کروایا تھا۔‘

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ وہ ملک ریاض کی بیٹیوں کے خلاف درج کروائے گئے مقدمہ میں کوئی گواہی یا شہادت پیش نہیں کرنا چاہتی ہیں۔

’مقدمہ میں تاحال کوئی چالان نہیں آیا اس لیے مزید کارروائی نہیں کرنا چاہتی۔‘

وکیل صفائی کا کہنا ہے عظمیٰ خان کی جانب سے درج کرایا گیا مقدمہ بے بنیاد تھا اس لیے صلح کے علاوہ ان کے پاس کوئی راستہ نہیں تھا ورنہ الٹا ان کے خلاف کارروائی ہوسکتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں صلح کے لیے دباؤ یا رقم کی ادائیگی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

اداکارہ عظمی نے صلح کیوں کی؟

اس سوال کا جواب اداکارہ عظمی اور ان کی بہن ہما خان کی جانب سے جمع کرائے گئے عدالت میں تحریری بیان میں واضح کر دیا گیا ہے۔

تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے غلط فہمی کی بنیاد پر مقدمہ درج کرا دیا اور ان کے پاس واقعہ کا ثبوت بھی موجود نہیں لہذا وہ کارروائی نہیں چاہتی بلکہ مقدمہ واپس لینا چاہتی ہیں۔

ان کے اس صلح نامہ کے بیان پر بھی شدید تنقید دیکھنے میں آئی۔

ملک ریاض کی بیٹیوں کے وکیل اظہر صدیق نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ اور ان کی بہن نے اپنے خلاف غلط بیانی سے بچنے کے لیے عدالت میں مقدمہ واپس لینے کی درخواست کی۔

ان کے مطابق واقعہ 23 مئی کو پیش آیا لیکن کارروائی 27 مئی کو شروع کی گئی، چار دن خاموشی کیوں اختیار کی گئی؟

انہوں نے کہا کہ جس گھر میں واقع پیش آیا وہ اداکارہ یا ان کی بہن کے نام نہیں، دوسرا یہ کہ وہ اس مکان میں کرایہ دار ہونے کا ثبوت بھی پیش نہ کر سکیں، تو ان کے گھر پر حملہ کیسا؟

’اس معاملہ میں معروف سرمایہ دار اور ان کی بیٹیوں کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے پر اداکارہ عظمیٰ خان، ان کی بہن اور دیگر ساتھیوں کے خلاف کارروائی ہونا تھی لیکن انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان سے غلطی ہوئی وہ معذرت چاہتی ہیں اور مقدمہ بھی واپس لیتی ہیں۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان