اقوام متحدہ کی تاریخ میں پہلی بار عالمی رہنما سالانہ اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے

کرونا وبا کے دور میں اقوام متحدہ کی 75 سالہ تاریخ میں پہلی بار دنیا کے لیڈر اور حکومتی سربراہان جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شامل نہیں ہوں گے۔

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان گذشتہ سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے (اے ایف پی)

کرونا وبا کے باعث اقوام متحدہ کی 75 سالہ تاریخ میں پہلی بار عالمی رہنما اس سال جنرل اسمبلی کے سالانہ اجتماع کے لیے نیویارک نہیں آئیں گے۔ 

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر تیجانی محمد بانڈے نے پیر کو ایک نیوز کانفرنس میں امید ظاہر کی کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران اس بات کا تعین ہو جائے گا کہ رواں سال ستمبر میں اسمبلی کے جنرل مباحثے میں 193 سربراہان حکومت و مملکت مقامی اور عالمی امور پر کس طرح اظہار خیال کریں گے۔

انہوں نے کہا: 'عالمی رہنما اس سال نیویارک نہیں آسکتے کیونکہ وہ انفرادی طور پر سفر نہیں کرتے۔ ایک صدر تن تنہا سفر نہیں کرتا اور نہ ہی رہنما اکیلے سفر کرتے ہیں۔ کرونا وبا کے دوران نیو یارک میں بڑے وفود کے ساتھ پہنچنا ناممکن ہے۔

'ہم ان (عالمی رہنماؤں) کو ذاتی طور پر نہیں بلا سکتے جیسا کہ گذشتہ 74 سالوں سے ہو رہا تھا۔ لیکن یہ (اجلاس) ہوگا۔'

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گتیرش نے گذشتہ ماہ سفارش کی تھی کہ عالمی ادارے کی 75ویں سالگرہ منانے کے لیے اس سال کے اجلاس کو وبا کے باعث ڈرامائی انداز میں منسوخ کر دینا چاہیے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گتیرش نے جنرل اسمبلی کے صدر کو لکھے گئے خط میں تجویز پیش کی کہ اجلاس کے دوران عالمی رہنماؤں کے پہلے سے ریکارڈ شدہ پیغامات چلائے جائیں اور اس اجلاس میں نیو یارک میں مقیم 193 ممبر ممالک کے صرف ایک، ایک نمائندے کو اسمبلی ہال میں جانے کی اجازت دی جائے۔

بانڈے نے پیر کو کہا کہ ستمبر میں شاید 100 نمائندوں کو جنرل اسمبلی کے چیمبر میں جانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقعے پر عموماً عالمی رہنماؤں کے علاوہ ہزاروں سرکاری عہدے دار، سفارت کار اور سول سوسائٹی کے نمائندے ایک ہفتے تک جاری رہنے والی تقاریر، عشائیوں، استقبالیوں، ون آن ون ملاقاتوں اور سینکڑوں سائیڈ لائن پروگراموں میں شرکت کے لیے نیو یارک پہنچتے ہیں۔

اس سال توقع کی جارہی تھی کہ 1945 میں دوسری عالمی جنگ کے بعد قائم ہونے والے اقوام متحدہ کے یوم تاسیس کا جشن منانے کے لیے بڑی تعداد میں عالمی رہنما اقوام متحدہ کے صدر دفتر پہنچیں گے۔

تاہم بانڈے نے کہا کہ تنظیم کی 75 ویں سالگرہ کے جشن کو ایک لمحے کے طور پر تصور نہیں کیا جانا چاہیے اور یہ جشن 26 جون سے پورے سال کے دوران جاری رہے گا۔ یاد رہے کہ 26 جون، 1945 کو سان فرانسسکو میں اقوام متحدہ کے چارٹر پر دستخط کیے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی 75 سالگرہ کے حوالے سے ایک سیاسی اعلامیے پر بھی بات چیت جاری ہے، جو عالمی رہنماؤں کو اسے منانے کا موقع فراہم کرے گا باوجود اس کے کہ وہ ذاتی طور پر وہاں موجود نہیں ہوں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا