ضلع باجوڑ کے عوام کے لیے تھری جی سروس کا آغاز آج سے

یہ سروس قبائلی ضلع کو عالمی سطح پر رابطے فراہم کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر شروع کی جارہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے 15 مارچ کو باجوڑ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران تھری جی سروس کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔  فائل تصویر

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں تھری جی موبائل سروس کا آغاز آج سے کیا جارہا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق یہ سروس قبائلی ضلع کو عالمی سطح پر رابطے فراہم کرنے کے لیے وزیراعظم عمرا ن خان کی ہدایت پر شروع کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے 15 مارچ کو باجوڑ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران تھری جی سروس کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ’ہمیں 3G انٹرنیٹ دے دیں، حقوق ہم خود حاصل کرلیں گے‘

اپنے ویڈیو پیغام میں خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے اعلان کیا کہ قبائلی علاقے کے نوجوانوں کا دیرینہ مطالبہ پیر (25 مارچ) سے پورا ہونے جا رہا ہے کیوں کہ  تھری جی سروس پر کام مکمل ہو چکا ہے۔

انہوں نے اس تاریخی پیش رفت پر علاقے کے لوگوں کو مبارکباد بھی دی۔

سابقہ فاٹا کے نوجوان 2016 سے یہ مطالبہ کرتے آ رہے ہیں کہ انہیں بھی باقی پاکستان کی طرح 3G انٹرنیٹ کی سہولت دی جائے، تاکہ وہ بھی ترقی و شعور میں اپنے ہم  وطنوں کے برابر آ جائیں۔

اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ گرڈ سٹیشن کی تعمیر بھی جلد مکمل کرلی جائے گی، تاکہ علاقے میں بجلی کی ہموار ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس علاقے کو ایکسپریس وے سے منسلک کرنے کے لیے سرنگ کی تعمیر کے حوالے سے کام بھی جلد شروع کر دیا جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان