روسی شخص کی برہنہ حالت میں ہوائی سفر کرنے کی کوشش ناکام  

پولیس نے ایک مسافرکو گرفتار کیا، جس کا کہنا تھا کہ کپڑے اس کے ’آرام دہ ہوائی سفر‘ میں خلل پیدا کرتے ہیں۔

تصویر: سکرین گریب  /رپٹلی 

روس کے شہر ماسکو میں پولیس نے ایک برہنہ شخص کو اُس وقت گرفتار کیا جب اس نے ہوائی جہاز میں یہ کہتے ہوئے سوار ہونے کی کوشش کی کہ کپڑے اس کے ’آرام دہ سفر‘ میں خلل پیدا کرتے ہیں۔   

ڈوموڈیڈووہ ایئرپورٹ پر موجود لوگوں کے مطابق گرفتار ہونے والا مسافر سکیورٹی چیک سے نکلتے ہی اچانک کپڑے اتارتے ہوئے جہاز سے منسلک راستے کی طرف بھاگنے لگا۔

ایک عینی شاہد نے روسی چینل رین ٹی وی کو بتایا: ’وہ چلانے لگا کہ وہ برہنہ اس لیے ہے کیونکہ کپڑے اس کے ہوائی سفر میں خلل پیدا کرتے ہیں اور اُس وقت اس کا ہوائی سفر بہتر ہوتا ہے جب اُس نے لباس نہ پہنا ہوا ہو۔‘  

ہوائی اڈے کے ملازمین نے مسافر کو اس کی کرائمیا جانے والی پرواز پر سوار ہونے سے روک دیا اور بعد میں پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔

دیگر مسافروں نے رین ٹی وی کو بتایا کہ ’ایسا نہیں لگ رہا تھا کہ وہ شراب کے نشے میں ہو۔‘

روسی وزارت داخلہ کے ترجمان نے ماسکو ٹائمز کو بتایا کہ حراست میں لینے کے بعد اس مسافر کو ہوائی اڈے کے طبی کمرے میں لے جایا گیا اور پھر ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا۔  

ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار شخص یاکٹسک شہر سے تعلق رکھتا ہے، مگر ماسکو میں رہائش پذیر ہے۔

گرفتاری کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں مذکورہ مسافر کو زمین پر برہنہ حالت میں بیٹھا اور پولیس اہلکاروں میں گھرا دیکھا جاسکتا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا