لاہور: بھائی نے 'جنسی تعلقات پر مجبور کرنے' والے بھائی کو قتل کر دیا

ملزم نے پولیس تفتیش کے دوران ابتدائی بیان دیا کہ بڑا بھائی انہیں جنسی تعلقات پر مجبور کرتا تھا لہٰذا اس نے تنگ آ کر بھائی کو قتل کر دیا۔

(اے ایف پی فائل فوٹو)

لاہور میں مبینہ طور پر جنسی تعلقات قائم کرنے پر مجبور کرنے والے بڑے بھائی کو چھوٹے بھائی نے بے دردری سے قتل کر دیا۔

لاہور کی ایک نجی یونیورسٹی میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے طالب علم حسن امجد کے قتل کا مقدمہ  بدھ کو نامعلوم افراد کے خلاف درج کیاگیا تھا۔ تاہم  جب پولیس نے شک کی بنیاد پر مقتول کے  ساتھ رہنے والے ان کےچھوٹے بھائی حسان امجد سےتفتیش کی تو انہوں نے  جرم تسلیم کر لیا۔

حسان نے اپنے بھائی کوقتل کرنے کے بعد گھر والوں کو بتایا تھا کہ انہیں نامعلوم افراد نے قتل کیاہے۔ لواحقین کے مطابق بظاہر دونوں بھائیوں میں بہت پیار تھا اور کبھی لڑائی جھگڑا نہیں ہوالیکن اس واقعے نے انہیں بھی حیران کر دیاہے۔

پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے اقبال جرم کرتے ہوئے بتایا کہ ان  کا بڑا بھائی حسن انہیں مبینہ طور پر جنسی تعلقات پر مجبور کرتا تھا لہٰذانہوں نے تنگ آکر حسن کو قتل کردیا۔

واقعہ کیسے پیش آیا؟

لاہور میں تھانہ چوہنگ کے علاقے رائیونڈ روڑ پر قصور کے رہائشی میاں عبدالرشید نے ایف آئی آر درج کرائی کہ ان کے دو بیٹے ایک کرائے کے مکان میں رہ رہے تھے۔ان کے بڑے بیٹے حسن کو منگل اور بدھ کی درمیانی رات نامعلوم افراد نے قتل کردیا ہے،جس کی اطلاع انہیں وہاں پر موجودچھوٹے بیٹے نے روتے ہوئے دی۔

مقتول کے چچا میاں سلیم نے انڈپینڈنٹ اردو  کو بتایا کہ ملزم حسان دو سال دبئی میں ایک موبائل کمپنی میں ملازمت کے بعد چند دن پہلے لاہور ہی  آئے تھے۔

سلیم کے مطابق  حسان اپنے بڑے بھائی کے ساتھ لاہور میں واقع رائیونڈ روڑ پر کرائے کے ایک مکان میں رہنے لگے۔ان کے والد نے بدھ کو صبح سویرے بڑے بیٹے کو فون کیا تو ان کے موبائل پر چھوٹے بیٹے حسان نے  روتے  ہوئے والد کو بتایاکہ حسن کو نامعلوم افراد نے قتل کردیاہےاور فون بند کردیا۔

سلیم نے بتایا کہ وہ اپنے بھائی میاں عبدالرشید کے ساتھ گاڑی میں فوراً لاہور پہنچے، جب مکان کے اندر گئے تو مقتول کی لاش بری طرح تشدد زدہ تھی، جسے دیکھا بھی نہیں جا سکتا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سلیم کے مطابق ان کے بھائی نے اپنے چھوٹے بیٹے کے بیان پر مقدمہ درج کرادیا لیکن پولیس تفتیش کے دوران جب معلوم ہواکہ چھوٹے بھائی نے ہی قتل کیا ہے تو پولیس نے انہیں گرفتارکرلیا۔

تھانہ چوہنگ کے ایک پولیس افسر نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایاکہ ملزم سے تفتیش کی گئی تو انہوں نے اپنے ابتدائی بیان میں بتایا کہ  حسن انہیں جنسی تعلقات قائم کرنے پر مجبور کرتے تھے،اس لیے انہوں نے تنگ آکر شیشے کے ٹکڑے سے انہیں قتل کردیا۔

پولیس افسر نے کہا کہ  کیس کی ہر پہلو سے تفتیش مکمل کرنے کے بعد حتمی رپورٹ تیار کی جائے گی۔ پولیس افسر کے مطابق گو ابھی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنا باقی ہےمگر بظاہر لاش میں شیشے کے ٹکڑے پیوست تھے اور جسم پر سیگریٹ بجھانے کے نشانات موجود تھے۔ لاش تدفین کے لیےلواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے۔

واضع رہے لاہور کے مختلف علاقوں  میں گذشتہ ایک ماہ کے دوران چار افراد کو ان کے سگے بھائیوں نے مختلف وجوہات پر قتل کیا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان