آپ کا کرونا کیسے گزرے گا؟ عام سوالوں کے خاص جواب

کرونا کی وبا اور لاک ڈاؤن کے دوران زندگی کیسے گزاریں؟ آپ کے دس اہم سوال اور ہمارے اچھوتے جواب۔

(پکسا بے)

کرونا وائرس کی وبا اور لاک ڈاؤن کے ماحول میں مستقبل قریب میں خواتین کے جریدوں اور ہفت روزہ پرچوں میں الجھن کی سلجھن کے شعبے میں ممکنہ سوال جواب کچھ ایسے ہی ہوں گے۔


1

جناب میں میڈیکل سٹور کے کاروبار سے وابستہ ہوں، کرونا وائرس نے تو میرا کاروبار چمکا دیا۔ بہت جلد حج پر جاؤں گا، یہ بتایئے کہ میرا حج قبول ہو جائے گا؟ (زرگل خان، راولپنڈی)

جواب: حج قبول ہو گا کہ نہیں، اس کا علم نہیں، براہ کرم ذرا تفصیلی یہ بتا دیں کہ میڈیکل سٹور کھولنے کے لیے کتنا سرمایہ درکار ہوتا ہے؟


2

میرے رشتے دار فیصل آباد میں رہتے ہیں، پوری فیملی کو کرونا ہو گیا ہے، کیا میرا وہاں جانا مناسب رہے گا؟ (مبشر الہیٰ، لاہور)

جواب: پہلے سچ سچ یہ بتائیں کہ کہیں فیصل آباد کے ان رشتے دار کے یہاں آپ کی ’محبت کا وائرس‘ تو نہیں پل رہا؟ جبھی آپ وہاں جانے کے لیے پر تول رہے ہیں۔


3

میری دور کی خالہ کہتی ہیں کہ یہ کرونا وائرس کچھ نہیں بلکہ یہ انگریزوں کی سازش ہے۔ کیا وہ صحیح کہتی ہیں؟ (غزالہ شمع، اسلام آباد)

جواب: آپ اپنی  ’دور کی خالہ‘ کو کسی قریبی ماہر نفسیات کو ضرور دکھائیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)


4

میرا پڑوسی لڑکا روز چھت پر آ کر زور زور سے کھانستا ہے، کیا مجھے انسانی ہمدردی کے تحت اس کو کرونا ٹیسٹ کروانے کا مشورہ دینا چاہیے؟ (گل رخسار، کراچی)

جواب: محترمہ، پہلے تو یہ بتائیں کہ آپ اس کی فکر میں کیوں ہلکان ہو رہی ہیں، یہ ’انسانی ہمدردی‘ اس کے گھر والے اس کے ساتھ کیوں نہیں کر رہے؟


5

میری خوش دامن پچھلے دنوں سے ہمارے یہاں مہمان بن کر نازل ہو گئی ہیں، سخت بیمار رہتی ہیں۔ اتنے زور سے چھینک مارتی ہیں کہ اب تو در و دیوار تک ہلنے لگے ہیں۔ کیا انہیں ڈاکٹر کے پاس لے جاؤ؟ یا پھر واپس بھیج دوں؟ (طفیل گجر، گوجرانوالہ)

جواب: پہلی فرصت میں اچھی سیمنٹ سے مکان پکا کرائیں۔ کرونا سے پہلے کہیں ملبے تلے دب کراس جہاں سے کوچ نہ کر جائیں آپ۔
 

6

جب سے کرونا کی وبا پھیلی ہے، امی کے گھر نہیں جا سکی۔ اب تو امی ابو کی شکلیں بھی یاد نہیں رہیں۔ کہیں مجھے بھولنے کی بیماری تو نہیں ہو گئی؟ (عائشہ شاہ رخ، کراچی)

جواب: بھولنے کی نہیں، جھوٹ بولنے کی ضرور ہے۔ سسرال سے میکے بھاگنے کے یہ طریقے پرانے ہو گئے بی بی، سمارٹ فون کے دور میں یہ بہانے ہضم نہیں ہوتے۔

7

بازار میں سینٹی ٹائزر اور فیس ماسک کی اس قدر ورائٹی مل رہی ہے، سمجھ نہیں آ رہا کون سا خریدوں۔ مجھے کسی کو تحفے کے طور پر دینا ہے، رہنمائی فرما دیں۔ (عثمان علی، لیہ)

جواب: گھما پھر کر کیا بات کررہے ہیں؟ صاف صاف کہیں کہ گرل فرینڈ کو دینا ہے۔ تو محترم وہی خریدیں جو آپ کی جیب کو بہت زیادہ ہلکا نہ کریں۔
 

8

میرے بچے پارک اور تفریح گاہ اور کھانے پینے کے مقامات پر جانے کی ضد کرتے ہیں۔ کیا لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد لے جا سکتی ہوں، کرونا تو نہیں ہو گا نا؟ (سدرہ بتول، کوئٹہ)

جواب : کرونا کا پتہ نہیں، لیکن بہن خرچہ بہت ہو گا۔ بس بچوں کو کرونا کہہ کر ٹالتی رہیں۔

9

مہینوں سے ہیئر سیلون بند ہیں، بیوٹی پارلر بھی نہیں جا سکتی۔ میں اور میرے شوہر سخت پریشان ہیں ، بناؤ سنگھار کیسے کریں؟ ( قاسم خان ، لاہور )

جواب: بی بی، جب کہیں آنا جانا نہیں ہو رہا تو یہ بننا سنورنا کس کے لیے؟ شوہر تو شادی کے دوسرے ہی دن آپ کا اصل رنگ و روپ دیکھ چکے ہوں، گھر میں قینچی تو ہو گی۔ جس طرح آپ شوہر کی جیب کی حجامت کرتی ہیں ویسے ہی بالوں کی کر کے اپنا اور ان کا کام آسان کریں۔

10

میں نے چار مرتبہ کرونا کا ٹیسٹ کرایا ہے۔ دو بار مثبت آیا اور دو ہی بار منفی۔ بتائیں اب میں کیا کروں؟ (سرتاج آفندی، کراچی)

جواب: ابھی تک میچ د و دو سے برابر ہے، ایک فائنل راؤنڈ اور کھیل لیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹاپ 10