آئی سی سی اور انٹرپول مل کر کرکٹ سے کرپشن ختم کریں گے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھیل سے بدعنوانی کو دور کرنے کے لیے انٹرپول کے ساتھ مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تصویر: آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھیل سے بدعنوانی کو دور کرنے کے لیے انٹرپول کے ساتھ مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ آئی سی سی کے ان اقدامات کا حصہ ہے جو وہ کرکٹ کو کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے کر رہی ہے۔

ماضی میں کرکٹ میں بدعنوانی کے بہت سے واقعات سامنے آتے رہے ہیں اور سٹے بازوں اور میچ فکسنگ کرنے والوں کی جانب سے کھلاڑیوں سے رابطے کرنے کی کوششوں کی خبریں بھی آتی رہی ہیں۔

تاہم آئی سی سی گذشتہ کئی سالوں سے اس طرح کے واقعات کو روکنے اور ان سے نمٹنے کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔

اسی سلسلے میں گذشتہ ہفتے آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے جنرل مینیجر ایلکس مارشل فرانس کے شہر لیون میں انٹرپول کے ہیڈکوارٹر گئے تھے۔

ایلکس مارشل کا انٹرپول سے ملاقات کے بارے میں کہنا تھا کہ ’آئی سی سی اور انٹرپول مل کر کام کرنے کے لیے کافی پرامید ہیں اور گذشتہ ہفتے ہونے والی ملاقات سیر حاصل رہی ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’آئی سی سی کے کئی ممالک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں لیکن انٹرپول کے ساتھ کام کرنے کا مطلب اس کے 194 ممبران کے ساتھ جڑنا ہے۔‘

ایلکس مارشل کا کہنا تھا کہ ’ہماری توجہ کھلاڑیوں کو آگاہ کرنے، کرپشن کو روکنے اور اس کے خاتمے پر ہے۔ جہاں کہیں بھی ہماری تحقیقات سے یہ معلوم ہوگا کہ جرم ہوا ہے تو ہم اسے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کو آگاہ کریں گے اور اسی وجہ سے انٹرپول ہمارا اہم ساتھی ہو سکتا ہے۔‘

انٹرپول کے کریمنل نیٹ ورکس یونٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہوزے دے گراسیا نے اس بارے میں کہا کہ ’کھیل لوگوں کو یکجا کرتا ہے، لیکن مجرمان کی جانب سے زیادہ منافع کمانے کی کوشش سے اس کی عزت کم ہو سکتی ہے۔ آئی سی سی کے ساتھ ہماری ملاقات اور تعاون سے ہمیں مشترکہ ردعمل دینے میں مدد ملے گی۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل