نوجوان جنہوں نے کرکٹ کے شوق میں اپنی زرعی زمین پر گراؤنڈ بنا ڈالا

اپنے آم کے باغات کٹوا کر زرعی زمین پر کرکٹ گراؤنڈ بنوانے والے اختر زواری کا کہنا ہے کہ ملتان سٹیڈیم کے بعد شہر میں ان کے گراؤنڈ کو بہترین مانا جاتا ہے۔

سنا تھا کہ شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا، ملتان میں کرکٹ سے محبت کرنے والے نوجوان کو دیکھ کر دل یہ ماننے پر مجبور ہو گیا ہے کہ واقعی انمول ہوتا ہے۔

ملتان میں اختر زواری نامی ایک نوجوان نے اپنے کرکٹ کھیلنے کے شوق کو پورا کرنے کے لیے اپنی زرعی زمین پر گراؤنڈ بنا ڈالا ۔

جہاں کبھی آموں  کے باغات ہوا کرتے تھے آج کل وہاں کرکٹ میچ ہو رہے ہوتے ہیں۔

زواری کرکٹ اکیڈمی کا قیام 2012 میں عمل میں لایا گیا۔

اکیڈمی کے بانی چیف ایگزیکٹو محمد اختر زواری نے یہاں تربیت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کوالیفائیڈ کوچز کا انتخاب کیا ۔

نادرن بائی پاس ملتان پر کھیڑا آباد کے قریب اکیڈمی گراؤنڈ کے لیے  کم و بیش سات ایکڑ اراضی مختص کی گئی۔

 کرکٹ گراؤنڈ اور پچز کی تیاری کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ICC ایوارڈ یافتہ کیوریٹر محمد بشیر کاردار کی خدمات حاصل کی گئیں۔

اکیڈمی کا فیز ون مکمل ہونے پر ایک سال لگ گیا اور 14 اگست 2015 کو زواری گراؤنڈ پر افتتاحی میچ کھیلا گیا۔

زواری کرکٹ اکیڈمی پراجیکٹ کے فیز ٹو میں گراؤنڈ  کو باقاعدہ سٹیڈیم کا درجہ دینے کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی کا مرحلہ وار آغاز کیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فلڈ لائٹس کی تنصیب، گراؤنڈ  سازی کے لیے جدید مشینری، میچ گراؤنڈ  کے علاوہ الگ سے نیٹ پریکٹس زون، دن اور رات میں فلڈ لائٹ  میچز اور پریکٹس کرنے کی سہولت، پویلین، مہمان کرکٹرز کی رہائش کے لیے ہاسٹل کی سہولت فیز ٹو میں فراہم کی جائیں گی ۔

زواری کرکٹ اکیڈمی کے بینر تلے زواری کلب قائم کیا گیا۔ زواری اکیڈمی کے تربیت یافتہ کرکٹرز کو ملک بھر کےعلاوہ متحدہ عرب امارات کی ریاستوں میں بھی کھیلنے اور بہترین پرفارمنس دکھانے کا اعزاز حاصل ہے۔

زواری اکیڈمی نے 2019 میں عرب ریاستوں میں منعقدہ مختلف رمضان المبارک کر کٹ ٹورنامنٹس میں شرکت کی۔

زواری کرکٹ اکیڈمی کے زیراہتمام پانچ برسوں کے دوران متعدد ٹورنامنٹس کرائے جا چکے ہیں جن میں پاکستان بھر سے  بین الاقوامی اور فرسٹ کلاس کرکٹرز نے بھی شرکت کی۔ چیمپئن، رنر اپ ٹیموں کو لاکھوں مالیت کے کیش ایوارڈز اور بہترین پرفارمنگ کرکٹرز کو ہزاروں روپے بطور نقد انعامات کے دیے گئے۔

زواری اکیڈمی میں دستیاب جدید انفراسٹرکچر، سٹیڈیم کے میعار، ٹورنامنٹس کے بہترین انتظامات، نیوٹرل امپائرنگ سسٹم کی تعریف انٹرنیشنل کرکٹرز اور کرکٹ منیجمنٹ کا شعور رکھنے والی شخصیات نے کی دل کھول کر کی ہے۔

زواری کرکٹ اکیڈمی  کی گونج سوشل میڈیا کے ذریعے دنیا بھر میں گونج رہی ہے۔

اختر زواری کے مطابق ملتان سٹیڈیم کے بعد ہمارا گراؤنڈ بہترین گراؤنڈ میں شمار کیا جاتا ہے اور اگر ملتان سٹیڈیم مصروف ہو تو پی سی بی ہمارے گراؤنڈ میں میچ ریفر کر دیتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ