دنیا کے خطرناک ترین پرندے نے مالک کو ہلاک کر دیا

امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک 75 سالہ شخص اپنے گھر میں موجود شتر مرغ سے مشابہ عظیم الجثہ پرندے کے حملے میں ہلاک ہوا۔

پیل مرغ کا قد چھ فٹ تک بلند ہو سکتا ہے ۔تصویر: اے ایف پی

امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک 75 سالہ شخص اپنے گھر میں موجود نہ اڑنے والے عظیم الجثہ پرندے کے حملے میں ہلاک ہوگیا۔

پولیس کو یہ شخص شدید زخمی حالت میں اپنے گھر میں ملا، جو شترمرغ سے مشابہ پالتو پیل مرغ کے حملے میں زخمی ہوا تھا، اس پرندے کے خنجر کی طرح کے چار انچ لمبے ناخن (پنجے) ہوتے ہیں۔ اس نے اپنے مالک کے گرنے کے بعد اس پر حملہ کیا۔

متاثرہ شخص کا نام مارون ہاہوز ہے، جسے اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

سان ڈیاگو چڑیا گھر کے مطابق پیل مرغ کو دنیا کا خطرناک ترین پرندہ مانا جاتا ہے، جو بنیادی طور پر آسٹریلیا اور نیوگنی کے علاقوں سے تعلق رکھتا ہے۔

ایلاچوا کاؤنٹی کے شیرف ڈپارٹمنٹ کے مطابق مذکورہ شخص ممکنہ طور پر اسی پرندے کے حملے میں زخمی ہوا۔

پولیس کی جانب سے اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں لیکن ابتدائی طور پر اسے ایک ’افسوسنا ک حادثہ‘ قرار دیا گیا ہے۔

مذکورہ شخص کو مبینہ طور پر پرندوں کو پالنے کا شوق تھا اور بتایا جا رہا ہے کہ اس کے پاس اور بھی غیر ملکی پرندے کئی دہائیوں سے موجود رہے ہیں۔

پولیس چیف جیف ٹیلر کے مطابق یہ ایک حادثہ ہی دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے گینز ویل سن اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا: ’میرا خیال ہے کہ مارون ہاہوز پرندے کے بہت قریب موجود تھے اور کسی موقعے پر وہ توازن کھو بیٹھے اور گر پڑے، جس کے بعد پرندے نے ان پر حملہ کر دیا۔‘

ایک خاتون جنہوں نے اپنی شناخت متاثرہ شخص کے پارٹنر کے طور پر کرائی، نے اخبار گینز ویل سن کو بتایا کہ ’وہ اپنا پسندیدہ کام کرتے ہوئے اس دنیا سے گئے ہیں۔‘

خاتون نے اس سلسلے میں مزید کوئی بات نہیں کی۔

پیل مرغ آسٹریلوی شتر مرغ سے مشابہت رکھتے ہیں، یہ اپنی جسامت کے لحاظ سے دنیا کے بڑے پرندوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ ان کا وزن 60 کلو اور قد چھ فٹ تک جا سکتا ہے۔

سان ڈیاگو چڑیا گھر کے مطابق ’پیل مرغ کسی حملہ آور یا ممکنہ خطرے کو اپنے لمبے ناخنوں سے ایک ہی وار میں چیر پھاڑ کے رکھ سکتا ہے۔‘

یہ پرندے عمومی طور پر امریکہ میں نہیں پائے جاتے لیکن پرندوں کا شوق رکھنے والے افراد کی وجہ سے ان کی امریکہ آمد جاری رہتی ہے۔

فلوریڈا فش اور وائلڈ لائف کنزرویشن کمیشن کی جانب سے پیل مرغ کلاس ٹو جنگلی حیات یعنی انسانوں کے لیے خطرناک تصور کیے جانے والی کیٹگری میں شامل ہے اور اسے رکھنے کے لیے پرمٹ لیا جانا ضروری ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ