وائرس کی تشخیص، شاداب خان انگلینڈ کے خلاف سیریز سے باہر

انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی سکواڈ میں شامل کیے جانے والے آل راؤنڈر شاداب خان وائرس کی تشخیص کے بعد ٹیم کے ساتھ نہیں جا سکیں گے۔

تصویر: اے ایف پی

انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی سکواڈ میں شامل کیے جانے والے آل راؤنڈر شاداب خان وائرس کی تشخیص کے بعد ٹیم کے ساتھ نہیں جا سکیں گے۔

شاداب خان کو انگلینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں اور ایک ٹی ٹوئنٹی کے علاوہ ورلڈ کپ کے 15 رکنی سکواڈ میں بھی شامل کیا گیا تھا۔

تاہم لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیف سیلیکٹر انضمام الحق نے بتایا کہ وائرس کی تشخیص کے بعد شاداب کو ڈاکٹرز نے چار ہفتوں کے لیے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ’شاداب خان کے خون کے نمونے ٹیسٹ کے لیے بھیجے گئے تھے جس میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد انھیں انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی کے لیے بھیجے جانے والے سکواڈ سے نکا ل دیا گیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ شاداب خان ’ہماری ٹیم کا ایک اہم حصہ ہیں اور امید ہے کہ وہ مکمل آرام کے بعد ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔‘

پی سی بی کے مطابق بورڈ شاداب خان کے لیے انگلینڈ میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز سے بات کرے گا تاکہ وہ کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے مکمل طور پر صحتیاب ہو سکیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم 22 اپریل کی شب انگلینڈ کے لیے روانہ ہو گی جہاں وہ پانچ مئی سے 19 مئی کے دوران پانچ ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی میچ کھیلی گی، جبکہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں اس کا سفر 31 مئی کو ٹرینٹ بریج میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے شروع ہوگا۔

بورڈ نے دورہ انگلینڈ کے لیے شاداب خان کی جگہ لیگ سپنر یاسر شاہ کو سکواڈ میں شامل کر لیا ہے، جبکہ 15 رکنی سکواڈ کے ساتھ دورہ انگلینڈ کے لیے محمد عامر اور آصف علی کو بھی بھیجا جا رہا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ