اٹلی: پہلی صدی کے ایک امیر شخص اور غلام کی باقیات دریافت

یہ باقیات چیوتا جولیانا کے علاقے سے دریافت ہوئی ہیں جو قدیم پومپے شہر سے شمال مغرب میں 700 میٹر دور واقع ہے۔

یہ باقیات علاقے کی ایک بڑی عمارت کی کھدائی کے دوران زیر زمین حجرے سے ملی ہیں (روئٹرز)

اٹلی کی وزارت ثقافت کا کہنا ہے کہ آثار قدیمہ کے ماہرین نے قدیم رومن شہر پومپے میں دو افراد کی جلی ہوئی لاشوں کی باقیات دریافت کی ہیں جو بہت درست حالت میں ہیں۔ دونوں افراد پہلی صدی عیسوی میں سنہ 79 میں آتش فشان پہاڑ پھٹنے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے تھے۔

ماہرین کی رائے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک شخص شاید بڑے سماجی رتبے کا مالک تھا۔ ان کی عمر 30 اور 40 سال کے درمیان تھی۔ ان کی گردن کے نیچے اونی چوغے کے آثار ابھی تک نمایاں تھے۔

دوسرے شخص کی عمر غالباً 18 سے 23 برس کے درمیان ہے اور انہوں نے باریک کرتا پہن رکھا ہے۔ ان کی ریڑھ کی ہڈی کے کئی مہرے کچلے ہوئے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ سخت مشقت والا ’غلام‘ تھا۔

یہ باقیات چیوتا جولیانا کے علاقے سے دریافت ہوئی ہیں جو قدیم پومپے شہر سے شمال مغرب میں 700 میٹر دور واقع ہے۔ باقیات علاقے کی ایک بڑی عمارت کی کھدائی کے دوران زیر زمین حجرے سے ملی ہیں۔

دونوں افراد کے دانتوں اور ہڈیوں کو محفوظ کر لیا گیا ہے جب کہ ان کی نرم بافتوں کی خالی جگہ میں پلاسٹر بھرنے کے بعد اسے سخت ہونے کے لیے چھوڑ دیا گیا جس کے بعد ان کے جسموں کے خطوط دیکھنے کے لیے انہیں باہر نکالا گیا۔

آرکیالوجیکل سائٹ کے ڈائریکٹر مسیمو اوسنا نے کہا کہ ’صبح نو بجے لاوے کے بہاؤ کی زد میں آنے کے بعد دونوں افراد شاید پناہ کی تلاش میں تھے۔ ان کی موت شدید حرارت کی لہر کی لپیٹ میں آنے کی وجہ سے ہوئی۔ ایسا ان کے جڑے ہوئے پیروں اور ہاتھوں کی بند مٹھیوں سے بھی ظاہر ہوتا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اٹلی کے وزیر ثقافت ڈاریو فرنچسکینی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دو افراد کی باقیات کی دریافت سے پومپے شہر کی اہمیت نمایاں ہوتی ہے کہ یہ جگہ تحقیق اور مطالعے کے لیے ناقابل یقین مقام ہے۔

قدیم اطالوی شہر نیپلز شہر کے جنوب مشرق میں 23 کلومیٹر کے فاصلے پر واقعے ہے۔ جب آتش فشاں پھٹا اور وہ راکھ، پتھروں اور دھول  تلے دب کر جم گیا، اس کی آبادی تقریباً 13 ہزار افراد پر مشتمل تھی۔

یہ باقیات 16ویں صدی تک دریافت نہیں ہوئی تھیں۔ منظم انداز میں کھدائی کا کام 1750 میں شروع ہوا۔ تاہم حال ہی میں توجہ سامنے آنے والے کھنڈرات کو خراب یا منہدم ہو جانے سے بچانے پرمرکوز کر دی گئی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی تحقیق