کیا سرفراز بھی عمران خان کی طرح ٹائیگر والی شرٹ پہنیں گے؟

پاکستان کے سابق کپتان عمران خان نے 1992 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں ’ٹائیگر‘ والی شرٹ پہنی تھی تو کیا سرفراز احمد بھی ایسا کریں گے؟

تصویر: ٹوئٹر/پاکستان کرکٹ

پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں انگلینڈ میں ہے جہاں اس نے پہلے تو انگلش ٹیم کے خلاف پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنا ہے اور اس کے بعد ورلڈ کپ مقابلوں کا آغاز ہو جائے گا۔

اس سلسلے میں پاکستان ٹیم اس وقت کینٹ میں موجود ہے جہاں اس کے پریکٹس سیشنز جاری ہیں۔

انہی پریکٹس سیشنز کے دوران وہاں انگلینڈ کے سپنر مونٹی پینیسر کو بھی دیکھا گیا جو پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت کرتے دکھائی دیے۔

گذشتہ روز مونٹی پینیسر نے اپنے ہی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے چند ویڈیوز شیئر کیں جن میں وہ پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی کرکٹ اکیڈمی کی شرٹس دے رہے تھے۔ انہی ویڈیوز میں سے ایک پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی بھی تھی۔

اس ویڈیو میں مونٹی پینیسر نے سرفراز احمد کو شرٹ دینے کے بعد پہلے تو ورلڈ کپ کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پھر ان سے پوچھا کہ اگر پاکستان ٹیم فائنل میں پہنچتی ہے تو کیا وہ بھی عمران خان کی طرح ’کارنرڈ ٹائیگر‘ والی شرٹ پہنیں گے؟

جس کے جواب میں سرفراز احمد نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’کیوں نے، امید ہے اور کچھ بھی ہو سکتا ہے۔‘

عمران خان اور ’کارنرڈ ٹائیگر‘

پاکستان کے سابق اور ون ڈے کرکٹ کا ورلڈ کپ جتوانے والے واحد کپتان عمران خان نے 1992 ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں ٹاس کے موقع پر سفید رنگ کی ٹی شرٹ پہنی تھی، جس پر ایک ٹائیگر بنا ہوا تھا۔

ٹاس کے بعد کرکٹ مبصر نےعمران خان سے خاص طور پر یہ ٹی شرٹ پہننے سے متعلق سوال کیا تو عمران کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستانی کھلاڑی شیر کی طرح لڑیں۔

1992 ورلڈ کپ میں پاکستان کا آغاز اچھا نہیں تھا اور ابتدائی میچ ہارنے کے بعد پاکستان ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔

عمران نے اسی کم بیک کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی ٹیم کی پرفارمنس پر بہت خوش ہیں اور چاہتے ہیں کہ کھلاڑی ہار جیت کی پروا کیے بغیر فائنل میں شیر کی طرح لڑیں۔

سرفراز بھی اپنی ٹیم کو اسی طرح لڑانے میں کامیاب ہو سکیں گے یا نہیں کیونکہ آسٹریلیا کے خلاف اپنے ’ہوم گراؤنڈ‘ میں پانچ ون ڈے میچوں میں وائٹ واش کے بعد سرفراز احمد نے انگلینڈ کے لیے روانہ ہونے سے قبل ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ان کی ٹیم ورلڈ کپ کے لیے ’فیورٹ‘ نہیں اور وہ ایونٹ میں ’انڈر ڈاگز‘ کے طور پر جانا پسند کرتے ہیں۔

پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ