انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کا اکتوبر میں پہلی مرتبہ دورہ پاکستان طے

ویمنز ورلڈ چیمپیئن ٹیم دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچز کھیلنے آئے گی۔ دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز 14 اور 15 اکتوبر کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

2019 میں سری لنکا کا دورہ کرنے والی انگلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم رواں سال اکتوبر میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔ مہمان ٹیم کراچی میں دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

ویمنز ورلڈ چیمپیئن ٹیم دورے میں شامل دو ٹی ٹوئنٹی میچز 14 اور 15 اکتوبر کو کھیلے گی۔ یہ دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز اسی روز کھیلے جائیں گے، جب انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل رہی ہوگی۔

مسلسل دو روز نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے یہ چاروں میچز(2 مینز ٹیموں کے اور 2 ویمنز ٹیموں کے) ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر منعقد ہوں گے۔

پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز 18، 20 اور 22 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

انگلینڈ مینز کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ سال 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا تاہم ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی عالمی چیمپیئن ٹیم کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیمیں آخری مرتبہ گذشتہ سال آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں مدمقابل آئی تھیں۔ آسٹریلیا میں کھیلے گئے اس ٹورنامنٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان نے سال 2019 میں انگلینڈ ویمنز ٹیم کی ملائیشیا میں میزبانی کی تھی، جہاں مہمان ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز 2-0 سے جبکہ ون ڈے سیریز 3-0 سےجیت لی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ایک بیان میں کہا کہ خواتین کرکٹ کی عالمی چیمپیئن انگلینڈ ویمنز ٹیم کی پہلی مرتبہ پاکستان آمد دنیا بھر خصوصاََ ہمارے خطے میں خواتین کرکٹ کے فروغ کےلیے ایک بڑا اور اہم اعلان ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اعلان پاکستان اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے تعلقات کی مضبوطی اور ان میں موجود اعتماد کی واضح مثال ہے۔ کووڈ 19 کی وبا کے باوجود گذشتہ سال سے ملک میں جاری انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک میچز کے کامیاب انعقاد نے بھی دیگر بورڈز کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وسیم خان نے کہاکہ جہاں ایک عالمی چیمپیئن سائیڈ کے خلاف تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز سے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو بہت تجربہ ملے گا، وہیں نیشنل سٹیڈیم کراچی میں مینز کرکٹ میچ سے قبل ویمنز ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے دونوں ٹیموں کے اکٹھے ہونے کا یہ منظر اس خطے میں ویمنز کرکٹ کے لیے شاندار لمحہ ہوگا۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان دیگر ممالک کی خواتین ٹیموں کے دورہ پاکستان کے لیے بھی ایک اچھی نوید ثابت ہوگا۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی مینیجنگ ڈائریکٹر برائے ویمنز کرکٹ کلیئر کانر کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ تاریخی اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے، انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل کبھی بھی پاکستان کا دورہ نہیں کیا، لہٰذا یہ ٹور نہ صرف ایک یادگار مگر شاندار دورہ ثابت ہوگا۔

کلیئر کانر نے کہا کہ دورہ پاکستان نہ صرف دونوں ٹیموں کے لیے آن فیلڈ کرکٹ کھیلنے کا ایک بہترین موقع ہے بلکہ اس دورے سے ہم دنیا بھر خصوصاََ اس خطے میں خواتین کو بااختیار بنانے میں اپنا اہم حصہ بھی ڈال سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ گزشتہ سال پاکستان آئی تھیں، لہٰذا وہ جانتی ہیں کہ یہ دورہ ہمارے کھلاڑیوں کے لیے کتنا یادگار رہے گا۔

شیڈول:

14 اکتوبر: پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ بمقام نیشنل سٹیڈیم کراچی

15 اکتوبر: دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ بمقام نیشنل سٹیڈیم کراچی

18 اکتوبر: پہلا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ بمقام نیشنل سٹیڈیم کراچی

20 اکتوبر: دوسرا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ بمقام نیشنل سٹیڈیم کراچی

22 اکتوبر: تیسرا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ بمقام نیشنل سٹیڈیم کراچی

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ