نااہل افراد پر مشتمل حکومت بنائی گئی: فضل الرحمٰن

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے آج پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کے فیصلے میں تاخیر پر الیکشن کمیشن پاکستان کی عمارت کے سامنے احتجاج کیا، دوران خطاب مولانا کا موقف تھا کہ’ 2018 کے الیکشن کو متفقہ طور پر مسترد کیا تھا اور آج بھی قائم ہیں۔‘

(اے ایف پی)

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کیس کے فیصلے میں تاخیر پر الیکشن کمیشن پاکستان کی عمارت کے سامنے احتجاج کیا۔

مولانا فضل الرحمٰن نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت منتخب ہے اور نہ ہی اسے ملک پر حکومت کرنے کا حق حاصل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 2018 کے الیکشن کو متفقہ طور پر مسترد کیا تھا اور آج بھی اسی مؤقف پر قائم ہیں۔

ان کا موقف تھا کہ طاقتور اداروں نے انتخابات پر قبضہ کیا، الیکشن کمشن نے نتائج مرتب کیے اور قوم پر ایک ڈفلی بجانے والے کو مسلط کردیا۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ نااہل افراد پر مشتمل حکومت بنائی گئی تاکہ اس کے پیچھے طاقتور ادارے کریں گے، یہ ہی ان کا مقصد تھا۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ 'انہوں نے اسرائیل اور بھارت کے فنڈز سے انتخابات لڑے ہیں اور اسی پر اپنی پارٹی تشکیل دی ہے۔'

مساجد کے امام کو وظیفہ دینے کے پروگرام پر انہوں نے کہا کہ 'خیبرپختونخوا میں حکومت کو ایک مولوی ایسا نہیں ملا جس نے 10 ہزار روپے وظیفہ قبول کرنے کی حامی بھری ہو'۔

اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب روانگی سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کے بعد ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اپنی طاقت معلوم ہے۔ اگر حکومت راستہ نہ کھولتی تو کنٹینر اٹھا کے پھینک دیتے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم محتاط ہیں اور پرامن احتجاج کریں گے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن کے باہر پی ڈی ایم کے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو عوام کے ووٹ کا تحفظ کرنا تھا لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں دیا جو ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ ہے۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ 'آج ہم ایک ایسی سڑک پر موجود ہیں جس کو شاہراہ دستور کہتے ہیں، جس کے دونوں اطراف انصاف دینے والے ادارے موجود ہیں لیکن افسوس کہ جس ملک میں ہم رہ رہے ہیں وہاں نہ کوئی آئین ہے اور نہ انصاف ہے، آج الیکشن کمیشن کے باہر اس لیے جمع ہوئے کہ الیکشن کمیشن کو اس کی آئینی ذمہ داریاں یاد دلائیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے فراڈ کا نام تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس ہے۔

احتجاج کے اختتام پر پی ڈی ایم نے ایک یادداشت جاری کی جو بدھ کے روز الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائی جائے گی۔
یادداشت میں چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ سے استدعا کی گئی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے خلاف جاری فارن فنڈنگ کیس کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے جلد از جلد اس کا فیصلہ دیا جائے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے احتجاج کی یہی صورتحال رہی تو لانگ مارچ کو بھی خوش آمدید کریں گے۔

وفاقی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کو فری ہینڈ دیا لیکن وہ ناکام رہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ جس اسمبلی پر فضل الرحمان لعنت بھیجتے ہیں اس پر بلاول آج جشن منا رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کو پچھلی دفعہ بھی سیاستدانوں نے دھوکا دیا، اس بار بھی مولانا کو دھوکا دیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج نے مایوس کیا ہے، ہم نے زیادہ انتظام کیا تھا ان کے بندےکم آئے ہیں۔ اگر یہی صورتحال رہی تو لانگ مارچ کو بھی خوش آمدید کریں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے پی ڈی ایم کے احتجاج میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس موقعے پر دارالحکومت کی سکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی اور پولیس نے ریڈ زون کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا۔ 

ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ’اسلام آباد کی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی عمران خان کی جمہوریت پسندی کا ثبوت ہے۔‘

میڈیا اطلاعات کے مطابق ڈیوٹی پر موجود تمام جوانوں و افسران کو آتشیں اسلحہ پاس نہ رکھنے ہدایت کی گئی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان