امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے عمل کو ختم کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے اسے فوری طور پر روکنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
46 ویں صدر نے ٹرمپ کی جانب سے امریکہ کی جنوبی سرحد کے بارے میں قومی ہنگامی حالت کا اعلان کے حوالے سے آرڈر کو ختم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک غیر ضروری منصوبہ تھا اور امریکی ٹیکس دہندگان کے ڈالرز کو سرحدی باڑ کی تعمیر پر خرچ نہیں کیا جائے گا۔
حلف لینے کے بعد پہلے ہی روز کئی ایگزیکٹو آرڈرز جاری کرنے والے صدر کا کہنا تھا: ’میں جنوبی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے مختص کردہ یا ری ڈائریکٹ کیے جانے والے تمام وسائل کا محتاط جائزہ لینے کے لیے بھی ہدایت جاری کر رہا ہوں۔‘
صدر بائیڈن نے کہا کہ امریکی حکومت کا یہ حق اور فرض ہے کہ وہ اپنی سرحدوں کو محفوظ بنائے اور اپنے عوام کو خطرات سے بچائے لیکن ایک وسیع دیوار تعمیر کرنا جو پوری جنوبی سرحد پر پھیلی ہوئی ہو، کوئی سنجیدہ پالیسی حل نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ (منصوبہ) رقم کا ضیاع ہے اور یہ ہمارے ملک کی سلامتی کو لاحق حقیقی خطرات سے توجہ ہٹاتا ہے۔‘
آرڈر میں مزید کہا گیا: ’میری انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ امریکہ کے پاس انسانی امیگریشن کے حوالے سے جامع نظام موجود ہو جو ہماری قوم کی اقدار کے مطابق مستقل طور پر کام کر سکے۔‘
صدر بائیڈن کی جانب سے آرڈر جاری کرنے کے باوجود یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ آیا کانگریس میں قانون سازی کیے بغیر دیوار کی تعمیر کو مستقل طور پر روکا جا سکتا ہے یا نہیں کیوں کہ کانگریس نے ہی اس منصوبے کے لیے فنڈز کی منظوری دی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
صدر بائیڈن نے آرڈر میں جنوبی سرحد پر دیوار کے حوالے سے ہر ایک تعمیراتی منصوبے پر، قانون کے اندر رہتے ہوئے جتنی جلدی ممکن ہو، کام روکنے کی ہدایت کی ہے لیکن کسی بھی صورت میں اعلان کی تاریخ سے سات دن بعد ایسا ممکن نہیں ہو گا۔
اس آرڈر میں دیوار کی تعمیر کے ہر منصوبے کو روکنے کے انتظامی اور معاہدے سے پیچھے ہٹنے کے نتائج کا تجزیہ کرنے کے ساتھ ساتھ دیوار کی تعمیر کے لیے استعمال ہونے والی فنڈنگ اور معاہدے کے طریقوں کی قانونی حیثیت کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
صدر بائیڈن نے سیکریٹری دفاع سمیت اپنی انتظامیہ کے اعلی عہدیداروں سے یہ بھی کہا کہ جنوبی سرحد کی دیوار سے متعلق فنڈز کی ری ڈائریکٹیشن کے لیے (60 دن کے اندر اندر) ایک منصوبہ تیار کریں جس میں دیوار کی تعمیر کرنے والے نجی ٹھیکیداروں کے ساتھ معاہدوں کو ختم کرنے یا انہیں نئی شکل دینے پر غور کیا جائے۔
© The Independent