پی ایس ایل 6: گلیڈی ایٹرز پر فخر اور حفیظ کا ’لاٹھی چارج‘

فخر زمان نے 52 گیندوں پر ناقابل شکست 82 رنز اور پروفیسر نے صرف 33 گیندوں پر 73 رنز کی باریاں کھیلیں۔

محمد حفیظ نے 6 جبکہ فخر زمان نے دو چھکے لگائے (اے ایف پی)

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے دن لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک اور کاری ضرب لگائی۔ پہلے سے مجروح گلیڈی ایٹرز کے آج کے میچ میں مضبوط قلعہ بندی کے باوجود قلندرز کے فخر زمان اور محمد حفیظ کی پیش قدمی نے کوئٹہ کی ساری دفاعی تدبیریں روند ڈالیں اور ٹیم کو جیت سے ایک اوور پہلے ہی ہمکنار کر دیا۔

پیر کی شام کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ٹاس نے ایک بار پھر اہم کردار ادا کیا اور اب تک کھیلے گئے تمام میچوں کی طرح سکہ کا رخ جیتنے والے کپتان نے میچ کا پانسہ بھی جیت لیا۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست نظر آیا اور کوئٹہ کی پہلی دو وکٹیں 12 رنز پر گر گئیں، سرفراز کی جگہ صائم ایوب اوپننگ کرنے آئے مگر وہ اور ٹام بینٹن کچھ کیے بنا چلتے بنے۔

دو وکٹوں کے گرنے کے بعد ویسٹ انڈین  کرس گیل اور کپتان سرفراز نے شاندار بلے بازی کی اور تیسری وکٹ کے لیے 101رنز کی رفاقت کی، کرس گیل نے 68 اور سرفراز نے 40 رنز کی اننگز کھیلیں۔

اس موقع پر ٹیم کو ایک اور بڑی اننگز کی ضرورت تھی جو محمد نواز نے فراہم کی۔ صحیح وقت پر محمد نواز کا بیٹ چل گیا اور 33 رنز بنا کر 20 اوورز میں ٹیم کا سکور 178 رنز تک پہنچا دیا۔

گذشتہ میچوں میں کم سکورز کو دیکھتے ہوئے یہ کوئٹہ کا ایک اچھا سکور تھا جس کا بخوبی دفاع کیا جاسکتا تھا۔

لیکن لاہور قلندرز جو چار سال تک فتوحات سے محروم رہی تھی اور سال گذشتہ ہی طویل نیند سے جاگی تھی اس نے بیداری کے اس سلسلے کو اس سال بھی جاری رکھا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بنا کسی گھبراہٹ اور پریشانی کے 179 کے ایک بڑے ہدف کو سکون سے حاصل کر لیا۔

فخر زمان جو عرصہ طویل سے کوئی بڑی اننگز نہیں کھیل سکے تھے آخر کار اپنے مداحوں کو خوش کر گئے۔ پہلے تو سہیل اختر کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 64 رنز جوڑے اور پھر پروفیسر حفیظ کے ساتھ رنز کا انبار لگا دیا۔

جو بولر بھی سامنے آیا وہ فخر اور حفیظ کے لاٹھی چارج سے بچ نہ سکا۔ فخر زمان نے 52 گیندوں پر ناقابل شکست 82 رنز اور پروفیسر نے صرف 33 گیندوں پر 73 رنز کی باریاں کھیلیں۔ حفیظ نے چھ چھکے جبکہ فخر نے دو چھکے لگا کر کوئٹہ کی بولنگ بے بس کر دی۔

19ویں اوور میں محمد حسنین کی دوسری گیند صرف لاہور کے وننگ شاٹ کے لیے تھی جو حفیظ نے انجام تک پہنچا دیا۔

کوئٹہ کی بولنگ خاصی غیر معیاری اور اپنے ہدف سے بہت دور تھی عثمان شنواری سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے چار اوورز میں 47 رنز بنا کوئی وکٹ لیے دے گئے۔

غیر معیاری فیلڈنگ

دونوں ٹیموں کی فیلڈنگ خاصی غیر معیاری تھی لاہور کی طرف سے سلمان آغا نے دو آسان کیچ ڈراپ کیے جس سے کرس گیل کو نئی زندگیاں ملیں۔

اسی طرح کوئٹہ کے صائم ایوب اور ٹام بینٹن کے ہاتھوں میں بھی لرزش نظر آئی، دونوں نے آسان کیچز ڈراپ کرکے لاہور قلندرز کے بلے بازوں کو نئی زندگیاں دیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی تنزلی

پیر کی شب کی شکست کے بعد سرفراز الیون پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخری پوزیشن پر آگئی۔ مسلسل دو میچوں میں شکست سے کوئٹہ کی ٹیم بیحد دباؤ میں ہوگی۔

لاہور قلندرز کے فخر زمان کو شاندار  82 رنز کی وننگ اننگز پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ