پی ایس ایل 6 : حیدر علی اور کیڈمور نے پشاور زلمی کو پہلی جیت دلادی

ملتان سلطانز 193 رنز جیسے بڑے سکور کا بھی دفاع نہ کرسکی، اور پشاور زلمی کے کیڈمور اور حیدر علی کی شاندار بیٹنگ نے سلطانز کے جیمس ونس کی بڑی اننگز کو بھی خاک میں ملا دیا۔

پی ایس ایل 6 میں پشاور زلمی کی یہ پہلی جیت ہے اور اس کے کیڈمور مین آف میچ قرار پائے۔ (اے ایف پی)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے دن پشاور زلمی کے نوجوان بلے بازوں نے ہائی سکورنگ میچ میں ملتان سلطانز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

ملتان سلطانز 193 رنز جیسے بڑے سکور کا بھی دفاع نہ کرسکی، اور پشاور زلمی کے کیڈمور اور حیدر علی کی شاندار بیٹنگ نے  سلطانز کے جیمس ونس کی بڑی اننگز کو بھی خاک میں ملا دیا۔

کراچی میں پی ایس ایل کے پانچویں میچ میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے اور میچ جیتنے کی روایت برقرار رہی۔

پشاور کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا اعلان کیا تو کسی کو حیرت نہیں ہوئی کیونکہ اب تک تمام میچوں میں ٹاس جیتنے والی ہر ٹیم پہلے بولنگ کرتی رہی ہے۔

پشاور زلمی نے آج کے میچ میں روی بوپارہ اور عماد بٹ کی جگہ کوہلر کیڈمور اور محمد عرفان کو شامل کیا جبکہ ملتان سلطانز نےعثمان قادر اور لاڑکانہ کے شاہنواز دھانی کو ٹیم میں جگہ دی۔

ملتان سلطانز کا آغاز اچھا نہ تھا۔ اوپنر کرس لین صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے تاہم اس کے بعد کپتان رضوان اور جیمس ونس نے 82 رنز کی پارٹنرشپ کی۔ رضوان 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جیمس ونس نے بہت اچھی بیٹنگ کی اور رنز بنانے کا سلسلہ مسلسل جاری رکھا۔ رضوان کے بعد صہیب مقصود کے ساتھ بھی ان کی 71 رنز کی شراکت ہوئی، جس کے باعث ملتان کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 193 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی۔ 

جیمس ونس نے 55 گیندوں پر 84 رنز بنائے جس میں نو چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ 

پشاور زلمی کی طرف سے سارے ہی بولر ملتان کے بلے بازوں کے ہاتھوں مار کھاتے رہے لیکن سب سے زیادہ مہنگے  وہاب ریاض رہے، انہوں نے چار اوورز میں 51 رنز دیے اور کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پشاور زلمی کے لیے 194 کا ہدف آسان نہیں تھا مگر اوپنر کامران اکمل اور امام الحق نے عمدہ بیٹنگ کی اور پہلی وکٹ کے لیے 6.3 اوورز میں  57 رنز جوڑے۔

 تاہم اس موقع پر عثمان قادر کو کامیابی ملی، وہ ریویو کے ذریعے کامران اکمل کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

پشاور کی طرف سے امام الحق نے اچھی بیٹنگ کی اور 48 رنز کی اننگز کھیلی۔

لیکن ملتان سلطانز کے قلعہ پر صحیح دراڑیں ٹوم کوہلر کیڈمور نے ڈالیں جنہوں نے ملتان کے سب ہی بولرز پر تابڑ توڑ حملے کیے اور ہدف کا کامیاب تعاقب جاری رکھا۔ 

کیڈمور کی عمدہ بیٹنگ کے سبب لگتا تھا وہ وننگ شاٹ کھیل کر جائیں گے، لیکن لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان فاسٹ بولر شاہنواز دھانی ملتان کو میچ میں واپس لے آئے۔ 

انہوں نے 17 ویں اوور میں ردھر فورڈ کو 15 اور کیڈمور کو 53 رنز پر یکے بعد دیگرے  آؤٹ کرکے میچ میں سنسنی پیدا کردی۔
 

شاہنواز، جن کا یہ ڈیبیو میچ تھا، ان کی تیز اور لائن لینتھ کے ساتھ بولنگ نے سب کو بے حد متاثر کیا۔

پشاور کو آخری تین اوورز میں 34 رنز کی ضرورت تھی جو آسان ہدف نہیں تھا اور ایسا لگتا تھا کہ میچ آخری گیند تک جائے گا، لیکن نوجوان بلے باز حیدر علی نے آٹھ گیندوں میں 24 رنز بنا کر میچ پشاور کی جھولی میں ڈال دیا۔ انہوں نے دو چوکے اور دو چھکے لگائے۔ 

19 ویں اوور میں آخری گیند پر جب حیدر علی نے لانگ آف پر چھکا لگایا تو پشاور زلمی چھ وکٹ سے جیت چکا تھا۔ 

پی ایس ایل 6 میں پشاور زلمی کی یہ پہلی جیت ہے اور اس کے کیڈمور مین آف میچ قرار پائے۔ 

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کی بدقسمتی رہی کہ وہ ایک بہت بڑے سکور کا دفاع نہ کرسکے۔ 

میچ کے بعد انٹرویو میں وہ اس بات پر شاکی نظر آئے کہ درمیانی اوورز میں بولرز نے مناسب بولنگ نہیں کی جس سے پشاور کو تیزی سے رنز بنانے کا موقع مل گیا۔

ملتان کی طرف سے شاہد آفریدی اور سہیل تنویر کی بولنگ بہت مایوس کن رہی، دونوں سینیئر بولرز اب محض اوورز کا کوٹہ پورا کرنے کے لیے رہ گئے ہیں۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ