مڈل آرڈر ناکام مگر ٹیل اینڈرز نے عزت رکھ لی

پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ نے ایک بار پھر پاکستان کو شکست کے گرداب میں پھنسانے کی کوشش کی لیکن ٹیل اینڈرز نے عزت رکھ لی۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ون ڈے اور اب ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی شکست دے دی ہے (اے ایف پی)

پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ نے ایک بار پھر پاکستان کو شکست کے گرداب میں پھنسانے کی کوشش کی لیکن ٹیل اینڈرز نے عزت رکھ لی۔

چوتھے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں جب سب کچھ پاکستان کے حق میں جارہا تھا ایسے میں پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ نے ایک بار پھر ٹیم کو دھوکہ دیا لیکن محمد نواز اور حسن علی نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے جیت کا ہدف آخری گیند سے قبل ہی پورا کر لیا۔

پاکستان کے پاس اس میچ میں کھونے کے لیے تو کچھ نہ تھا لیکن ٹرافی پر اپنا مکمل حق رکھنے کے لیے ضروری تھا کہ میچ میں جیت حاصل کی جائے۔

کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیتا تو شاید آدھا میچ وہیں جیت گئے کیونکہ اب تک جو ٹیم بعد میں بیٹنگ کرتی آئی ہے وہ ہی میچ بھی جیت رہی تھی۔

جنوبی افریقہ نے آخری میچ میں دو تبدیلیاں کیں جبکہ پاکستان نے کوئی تبدیلی نہیں کی۔

میزبان ٹیم کو بیٹنگ میں شروع میں ہی دھچکا لگا جب سیریز کے سب سے کامیاب بلے باز مارکرم جلدی آؤٹ ہوگئے تاہم اس کے بعد ملان اور ڈاسن نے 57 رنز کی پارٹنر شپ کر کے میچ سنبھال لیا۔

پروٹیز نے 12ویں اوور میں 109 رنز بنا لیے تھے اور ایسا لگتا رہا تھا کہ آج بھی 200 تک بن جائیں گے لیکن اس کے بعد فہیم اشرف اور حارث رؤف کی عمدہ بولنگ نے رنز بھی روکے اور وکٹ بھی لیے یوں جنوبی افریقہ پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل پائی اور تین گیندوں قبل 144 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ فہیم اشرف نے تین وکٹیں لیں۔

پاکستان کے لیے 145 رنز کا ہدف ورلڈ کلاس بلے بازوں کی موجودگی میں کچھ زیادہ مشکل تو نہ تھا اور بابر اعظم اور فخر زمان نے صرف نو اوورز میں 92 رنزبنا کر میچ پاکستان کی گود میں ڈال دیا تھا۔ ایسے میں میچ میں کچھ دلچسپی پیدا ہوئی جب بابر اور فخر ایک ہی اوور میں آؤٹ ہوگئے۔

تین وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز کچھ برا نہ تھا لیکن محمد حفیظ، حیدر علی اور آصف علی کی غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ سے پاکستان کے لیے فتح مشکل ہوگئی اور اس طرح 129 رنز پر سات کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایک موقع پر پاکستان کو تین اوور میں 25 رنز درکار تھے اور بہت مشکل لگ رہا تھا مگر پاکستان کی خوش قسمتی رہی کہ 19ویں اوور میں جنوبی افریقہ کے مگالا نے مسلسل دو نو بال کر کے پاکستان کو موقع دے دیا کہ وہ فری ہٹ لگا کر میچ حق میں کر لیں۔

محمد نواز نے بھی حواس مجتمع رکھے اور آخری اوور کی پانچویں گیند پر ولیمز کو چھکا لگا کر پاکستان کی سیریز میں جیت پر مہر ثبت کر دی۔

فہیم اشرف کو شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا جبکہ بابر اعظم کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

پاکستان نے جنوبی افریقہ میں تیسری بار ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتی ہے۔

پاکستان نے سیریز تو جیت لی لیکن جنوبی افریقہ کی ’سی کلاس‘ ٹیم کے خلاف بھی جدوجہد نے پاکستان مینیجمنٹ کو خبردار کردیا ہے کیونکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک پاکستان کو ایک مضبوط وننگ سکواڈ تشکیل دینا ضروری ہے جہاں وہ دنیا کی مضبوط ٹیموں کا مقابلہ کرسکے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ