چمن: یکجہتی فلسطین ریلی میں دھماکہ، چھ افراد ہلاک

بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں یوم یکجہتی فلسطین کی ریلی کے دوران بم دھماکے میں چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

تصویر: حیات اللہ

بلوچستان کے سرحدی شہر چمن میں یوم یکجہتی فلسطین کی ریلی کے دوران بم دھماکے میں چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

ریلی جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کے زیر اہتمام نکالی گئی تھی ۔

دھماکے میں جمعیت نظریاتی کے مرکزی رہنما مولانا قادر لونی بھی زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے بھی واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کی نگہداشت کیلئے سپتالوں میں  ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔

’دہشت گرد بلوچستان کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں ۔ مظلوم فلسطینیوں کیساتھ یکجہتی کے دشمن اسرائیلی جارحیت کے حامی ہیں۔‘

دوسری جانب لیویز حکام نے بتایا کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو  نے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کو اندر سے غیرمستحکم کرنے کی غیر ملکی کوشش جا ری ہے۔ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔‘

’قوم کی تائید وحمایت سے دشمن کے مذموم عزائم پہلےبھی ناکام بنائے اور آئندہ بھی بنائیں گے۔‘

لیویز حکام کے مطابق دھماکہ خیز موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور موٹر سائیکل مولانا قادر لونی کی گاڑی کے قریب کھڑا کیا گیا تھا۔

دھماکے سے متعدد گاڑیوں اور دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔

واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ سیل کرکے شواہد اکھٹے کرنے شروع کردیے ہیں۔

دھماکے کے بعد شہر میں خوف کی فضا ہے۔ لیویز رسالدار جہانگیر نے چھ افراد کے ہلاک ہونے اور چودہ  افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ جن میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان