ہیٹی کے صدر نا معلوم افراد کے حملے میں ہلاک

ہیٹی کے صدر جووینل موئس کو ان کی نجی رہائش گاہ پر نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر قتل کیا۔

جووینل موئس نے 2017 میں صدارت کا عہدہ سنبھالا تھا جبکہ اپوزیشن ان پر آمرانہ طرز حکومت کے الزامات عائد کرتی تھی (فائل/ اےا یف پی)

کیریبیئن جزائر پر واقع ملک ہیٹی کے صدر جووینل موئس کو دارالحکومت پورٹ او پرنس میں نامعلوم حملہ آوروں نے رات کے وقت گھر میں گھس کر قتل کردیا۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق قائم مقام وز یراعظم کلاڈ جوزف نے اپنے تصدیقی بیان میں کہا کہ ’ہیٹی کے صدر جووینل موئس کو ان کی نجی رہائش گاہ پر نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر قتل کردیا ہے۔‘

جوزف نے مزید بتایا کہ صدر کی اہلیہ بھی حملے میں زخمی ہوئی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب ملک میں پہلے ہی سیاسی انتشار بڑھ رہا ہے اور ہیٹی کو انسانی بحران اور غذائی قلت کا سامنا ہے، اب اس واقعے کے بعد افرا تفری مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

قائم مقام وزیر اعظم نے کہا: ’ریاست کا نظام برقرار رکھنے اور قوم کی سلامتی کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔‘

خیال رہے کہ جووینل موئس نے 2017 میں صدارت کا عہدہ سنبھالا تھا جبکہ اپوزیشن ان پر آمرانہ طرز حکومت کے الزامات عائد کرتی تھی جسے وہ مسترد کیا کرتے تھے۔

ہیٹی میں غربت اور سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے پرتشدد واقعات معمول بن گئے ہیں اور موئس کو بھی عہدہ سنبھالنے کے بعد سے مظاہروں اور احتجاج کا سامنا تھا۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا