ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے کے عہد پر قائم

ٹرینی ڈیڈ کے اخبار نیوز ڈے کے مطابق ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم اپنے دورے کے دوران پاکستان میں تین ون ڈے اور تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

ویسٹ انڈیز کے کرکٹر فل سائمنز راجر ہارپر اور بریتھویٹ سے 11 اگست 2021 کو پریکٹس کے دوران گفتگو کر رہے ہیں  ( اے ایف پی فائل)

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمز کے جانب سے پاکستان کا دورہ منسوخ کیے جانے کے بعد کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی) کا کہنا ہے کہ وہ دسمبر میں پاکستان کے مجوزہ دورے کے حوالے سے اپنے وعدے پر قائم ہے۔

ٹرینی ڈیڈ کے اخبار نیوز ڈے کے مطابق ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم اپنے دورے کے دوران پاکستان میں تین ون ڈے اور تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

سی ڈبلیو آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جانی گریو کا کہنا ہے کہ کھیل کی علاقائی گورننگ باڈی دورہ پاکستان کے لیے وہی اقدامات کرے گی جو اس نے تین سال پہلے کیے تھے۔

جیسن محمد کی قیادت میں ویسٹ انڈیز نے کراچی میں تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کو کلین سویپ کیا تھا۔

جانی گریو نے کہا: ’اس مرحلے پر ہمارا ارادہ اپنے دوروں کے حوالے سے کیے گئے عہد اور ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہے۔ ہمارے پاس ایک آزاد سکیورٹی ماہرین کی مدد سے تیار کیا گیا واضح لائحہ عمل ہے ویسے ہی جیسا 2018 میں کیا گیا تھا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’ہم اس لائحہ عمل کی پیروی کریں گے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز، ڈبلیو آئی پی اے (ویسٹ انڈیز پلیئرز ایسوسی ایشن) کے ساتھ ساتھ کھلاڑی خود ان منصوبوں اور ہماری رپورٹس کا جائزہ لیں گے جس میں آزاد سکیورٹی ادارے کے مشورے بھی شامل ہیں۔ ہماری خواتین اور مردوں کی ٹیمز کے بیشتر کھلاڑی گذشتہ کچھ سالوں میں پاکستان میں کرکٹ کھیل چکے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اس وقت دھچکہ لگا جب نیوزی لینڈ نے گزشتہ ہفتے سکیورٹی خطرے کے بعد اپنا دورہ منسوخ کر کے واپس جانے کا فیصلہ کیا اور انگلینڈ نے اسی وجہ سے اگلے ماہ ہونے والے اپنے میچز منسوخ کر دیے۔

جانی گریو نے کہا: ’ہمیں فوری فیصلہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) اور سکیورٹی ماہرین کے ساتھ پہلے اس عمل سے گزریں گے۔‘

2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں ہونے والے حملے کے بعد بین الاقوامی ٹیمز نے بڑی حد تک پاکستان سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔

اس کے بعد سے پاکستان نے اپنے زیادہ تر بین الاقوامی میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے ہیں لیکن پی سی بی نے پچھلے تین سالوں میں اپنی سرزمین پر میچز کی میزبانی پر زور دیا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ