بھارت: عدالتی عمارت میں دھماکہ، ریاست پنجاب میں ہائی الرٹ

دھماکے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے، جب کہ واقعے کے وقت عدالت میں معمول کی کارروائی جاری تھی اور لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

بھارتی ریاست پنجاب کے پولیس اہلکار 23 دسمبر 2021 کو لدھیانہ کے عدالتی کمپلیکس میں ہونے والے دھماکے کے بعد عمارت کا معائنہ کر رہے ہیں(اے ایف پی)

بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ ریاست پنجاب کے شہر لدھیانہ کے عدالتی کمپلیکس میں ہونے والے ایک زور دار دھماکے میں دو افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق واقعے کی فوٹیج میں پولیس اہلکاروں کو زخمی افراد کو عمارت سے باہر نکالتے اور وہاں موجود دیگر افراد سے عمارت خالی کرنے کا کہتے دیکھا جا سکتا ہے۔

بھارتی آن لائن نیوز ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ دھماکہ دوپہر کے وقت اس عمارت کی دوسری منزل پر واقع بیت الخلا میں ہوا۔

اس دھماکے میں بیت الخلا کی دیواروں کے ساتھ ساتھ عمارت کے دوسرے حصوں کو بھی نقصان پہنچا اور قریبی کمروں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

دھماکے کے وقت عدالت میں معمول کی کارروائی جاری تھی اور یہاں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

موقعے پر موجود پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ ’یہاں دھماکہ ہوا ہے لیکن ہم اس کی وجہ کی تصدیق نہیں کر سکتے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس دھماکے میں دو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دھماکے کے بعد بھارتی ریاست پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرن جیت سنگھ چنی کا کہنا ہے کہ حکومت ’الرٹ‘ ہے اور اس واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اپنی ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں جلد ہی جائے وقوعہ پر پہنچ رہا ہوں اور میں لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو چھوڑا نہیں جائے گا۔‘

وزیر اعلی چرن جیت سنگھ چنی کے مطابق ’ان دھماکوں میں ملک دشمن عناصر ملوث ہو سکتے ہیں کیونکہ اسمبلی الیکشن قریب ہیں۔‘

دوسری جانب بھارتی آن لائن اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارتی ریاست پنجاب میں ہائی الرٹ جاری کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس کو عوامی مقامات پر سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

پنجاب اور ہریانہ کے حکام کو بھی عدالتی کمپلیکسز کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا