مائیکروسافٹ نے نئے ایکس باکس ورژن ’پراجیکٹ سکارلٹ‘ کے فیچر متعارف کرا دیے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس ورژن کے خدوخال میں کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ اس کے بعض سپیکس کومزید بہتر بنایا گیا ہے۔
نئی تبدیلیوں سے گیمز کے لوڈنگ ٹائم سے چھٹکارا پایا جا سکے گا اور اس کی کارکردگی میں بھی نکھار پیدا ہو گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ایکس باکس پروجیکٹ سکارلیٹ کو 2020 کی چھٹیوں میں لانچ کیا جائے گا، تاہم حتمی تاریخ کا اعلان رواں سال کے اختتام تک ہو جائے گا۔
مائیکروسافٹ کے مطابق، ایکس باکس کے نئے کنسول کا پروسیسر ایکس باکس ون ایکس سے چار گنا زیادہ طاقتور ہے جبکہ اس میں ایس ایس ڈی سٹوریج بھی شامل کی گئی ہے جس سے گیمز کی رفتار پرانے ورژن کے مقابلے میں 40 گنا بڑھ جائے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے ورژن کے کنسول کا ہارڈ وئیر اس کی ریزولوشن کو اس قدر بڑھا دے گا جو اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔
کمپنی کے مطابق یہ ورژن آٹھ ہزار آوٹ پُٹ کی ریزولوشن کا حامل ہے جو 120 فریمز فی سیکنڈ دکھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
مائیکروسافٹ کی حریف کمپنی سونی بھی اپنے پلے سٹیشن فائیو کی کارکردگی کے حوالے سے کچھ ایسے ہی دعوے کرتی ہے۔
ماہرین کا خیال ہے’پروجیکٹ سکارلٹ‘ کے نئے فیچرز کا اعلان سونی کے آنے والے پلے سٹیشن فائیو کا مقابلہ کرنے کے لیے کیا گیا۔
جبکہ مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ نئے کنسول کی تیاری ایکس باکس کی وسیع حکمت عملی کا حصہ تھی جس کا مقصد صارفین کو ان کی خواہش کے مطابق گیمز کو کسی بھی شکل میں کھیلنے کی اجازت دینا ہے۔
نئے کنسول کو فوری طور پر وہ صارفین بھی استعمال کر سکیں گے جو ابھی تک پرانے ورژن پر گیمز کھیل رہے ہیں جبکہ نئے کنسول کے ہارڈ وئیر کو اس طرح بنایا گیا ہے کہ یہ ایکس کلاؤڈ سٹریٹجی کو بھی سپورٹ کرے گا، جس سے صارفین کہیں سے بھی انٹرنیٹ کے ذریعے گیم سٹریمنگ کر سکیں گے۔
پراجیکٹ سکارلیٹ کے کنسول کی طاقت، رفتار اور کارکردگی ایک نیا معیار قائم کرے گی۔
’کسٹم ڈیزائنڈ AMD پروسیسر، ہائی بینڈ وڈتھ GDDR6 میموری اور ایس ایس ڈی ڈرائیو کے ساتھ پراجیکٹ سکارلیٹ گیمز ڈویلپرز کے تخلیقی خواب کو زندگی کی طاقت فراہم کرے گا۔‘
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ کنسول کی چار جنریشنز کے ہزاروں صارفین پراجیکٹ سکارلیٹ کے ذریعے بہترین گیمز سے لطف اندوز ہوں گے۔
ایکس باکس نے نئی گیم ’ہالو انفینٹی‘ بھی متعارف کرائی ہے جو پراجیکٹ سکارلیٹ کے ساتھ ہی لانچ کی جائے گی۔
مائیکروسافٹ نے اس موقعے پر نئے پراجیکٹ کا ایک چھوٹا سا ٹریلر بھی پیش کیا۔