شمالی کوریا نے جوہری پروگرام میں پیش رفت کی: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کی ایک خفیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے عالمی پابندیوں کے باوجود گذشتہ سال اپنے جوہری اور میزائل پروگرامز میں پیش رفت کی۔

17  جنوری، 2022 کو سیول میں لی گئی اس تصویر میں ٹی وی پر جنوبی کوریا کے حالیہ میزائل ٹیسٹ کی خبر چل رہی ہے اور ایک شخص سامنے سے گزر رہا ہے۔

اقوام متحدہ کی ایک خفیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے بین الاقوامی پابندیوں کے باوجود گذشتہ سال اپنے جوہری اور میزائل پروگرامز میں پیش رفت کی۔

پیانگ یانگ اپنے ہتھیاروں کے پروگرامز کی وجہ سے عالمی پابندیوں کی زد میں ہے جس میں کوئلہ، لوہا، سیسہ، ٹیکسٹائل مصنوعات، سمندری خوراک اور دیگر مصنوعات کی برآمدات پر پابندی شامل ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے اقوام متحدہ کی اس رپورٹ کا مطالعہ کیا ہے جس کے مطابق ’گذشتہ سال جوہری یا بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کے تجربات تو رپورٹ نہیں ہوئے لیکن شمالی کوریا نے اس دوران جوہری مواد کی تیاری کے لیے اپنی صلاحیت کو بڑھایا۔‘

عالمی ادارے کی اس رپورٹ کو شمالی کوریا پر عائد پابندیوں کی نگرانی کرنے والے حکام نے مرتب کیا ہے جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 15 اراکین کے ساتھ بھی شیئر کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا: ’شمالی کوریا (ڈی پی آر کے) کے جوہری اور بیلسٹک میزائل کے بنیادی ڈھانچے کا فروغ اور ترقی جاری رہی اور پیانگ یانگ نے سائبر ذرائع اور مشترکہ سائنسی تحقیق سمیت بیرون ملک سے ان پروگرامز کے لیے مواد، ٹیکنالوجی اور معلومات کی تلاش جاری رکھی۔‘

دستاویز میں یہ بھی کہا گیا کہ شمالی کوریا نے اس مقصد کے لیے سائبر حملوں کا سہارا لیا، خاص طور پر حکومتی آمدنی کے ایک اہم ذریعے کے طور پر کرپٹو کرنسی کے اثاثوں پر سائبر حملے کیے گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اقوام متحدہ کے ماہرین نے گذشتہ سال غیر قانونی ریفائنڈ پیٹرولیم کی درآمدات کے معیار میں تیزی سے اضافہ نوٹ کیا لیکن یہ اس سے پچھلے سالوں کے مقابلے میں بہت کم سطح پر تھا۔

جہاں مغربی ممالک پیانگ یانگ پر مسلسل مزید دباؤ ڈال رہے ہیں وہیں بیجنگ اور ماسکو نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پابندیوں میں نرمی اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے ساتھ معاملات میں مزید لچک پیدا کرنے پر زور دیا ہے۔

دوسری جانب پیانگ یانگ نے رواں سال کے پہلے ہی ماہ غیر معمولی طور پر میزائلوں کے سات تجربات کیے ہیں جن میں 2017 کے بعد سے سب سے طاقت ور میزائل کا تجربہ بھی شامل ہے۔ شمالی کوریا نے اشارہ دیا تھا کہ وہ جوہری اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے تجربات دوبارہ شروع کر سکتا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا