شعیب اختر نے سرفراز کو ’احمق کپتان‘ قرار دے دیا

بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد شائقین اور ماہرین کی توپوں کا رخ پاکستانی کرکٹرّ کی جانب ہے۔ سابق تیز بولر شعیب اختر نے ایک بیان میں سرفراز احمد کو ایک ’احمق کپتان‘ قرار دے دیا ہے۔

(اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد شائقین اور ماہرین کی توپوں کا رخ پاکستانی کرکٹرّ کی جانب ہے۔ سابق تیز بولر شعیب اختر نے متنازع بیان دیتے ہوئے پاکستانی کپتان سرفراز احمد کو ایک ’احمق کپتان‘ قرار دے دیا ہے۔

ایک ویڈیو پیغام میں شعیب اختر کا کہنا تھا کہ پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ہی آدھا میچ جیت لیا تھا لیکن انہوں نے احمقانہ کپتانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دے دی۔

تاہم میچ کے بعد پریس کانفرنس میں پاکستانی کپتان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھلانے کے فیصلے کا دفاع کیا تھا۔

سپیڈسٹر نے بولنگ کے شعبے میں خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے حسن علی سمیت اچھی بولنگ کرنے والے محمد عامر پر بھی تنقید کی۔ ’حسن علی کو واہگہ بارڈر کی بجائے میدان میں جان مارنے کی ضرورت تھی، بارڈر پر ایسی چھلانگیں تب ہی اچھی لگتی ہیں جب آپ میچ میں سات آؤٹ کریں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شعیب اختر نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ حسن علی نے فیصلہ کر لیا ہے کہ انہوں نے صرف ٹی 20 کرکٹ کھیلنا ہے تاکہ انہیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں معاہدے ملتے جائیں۔ محمد عامر کے حوالے سے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ان کی یہ وکٹیں پاکستان کے لیے کار آمد نہیں ہیں کیونکہ انہوں نے ایسے وقت میں وکٹیں حاصل کیں جبکہ حریف ٹیم 300 رنز کے قریب پہنچ چکی تھی۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ انہیں ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ سرفراز احمد یہ میچ جیتنا ہی نہیں چاہتے، وہ میچ کے دوران بالکل 'ریلو کٹے' کی طرح میدان میں نظر آئے۔

اپنی تلخ تنقید جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’شاید ہم ہی غلطی کر رہے ہیں کہ اوسط درجے کے کھلاڑیوں سے بہترین کارکردگی کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میچ کے دوران پاکستان کی جانب سے کسی طرح کا گیم پلان دکھائی نہیں دیا۔

لیکن سابق کھلاڑی شاہد آفریدی اور معروف اینکر حامد میر نے ٹیم کا دفاع کیا اور کہا کہ ہارنے کی وجہ سے کوئی ان کے ساتھ کھڑا نہیں۔

 

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل