آسکرز: ’تھپڑ‘ کی گونج میں بہترین فلم کا اعزاز ’کوڈا‘ کے نام

تقریب میں ول سمتھ کو فلم ’کنگ رچرڈ‘ کے لیے بہترین اداکار جبکہ جیسیکا چیسٹین کو فلم ’دی آئیز آف ٹیمی فے‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔

سماعت سے محروم خاندان کی کہانی پر مبنی ہالی وڈ فلم ’کوڈا‘ نے پیر کو 94 ویں آسکر اکیڈمی ایوارڈ کی تقریب میں بہترین فلم کا ایوارڈ جیت لیا لیکن یہ تقریب اداکار وِل سمتھ کے اس تھپڑ سے گونج اٹھی جو انہوں نے کامیڈین کرس راک کو مبینہ طور پر اپنی اہلیہ کے حوالے سے کیے گئے مذاق پر مارا تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈولبی تھیٹر میں منعقدہ تقریب میں کامیڈین کرس راک نے بہترین دستاویزی فلم کا ایوارڈ دیتے ہوئے اپنے روایتی انداز میں وِل سمتھ کی بیوی جیڈا پنکٹ سمتھ کے بالوں کے انداز کا فلم ’جی آئی جین‘ میں ڈیمی مور کے انداز سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سیکوئل کی طرح ہے۔

تاہم اس بات پر ول سمتھ غصے میں آگئے اور انہوں نے سٹیج پر آکر کرس راک کو تھپڑ دے مارا اور پھر واپس اپنی نشست پر جاکر بیٹھ گئے۔

اس سب پر کامیڈین کرس راک حیران نظر آئے اور انہوں نے کہا: ’یہ ٹیلی ویژن کی تاریخ کی سب سے بڑی رات تھی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب وِل سمتھ کا غصہ اپنی نشست پر جاکر بھی ٹھنڈا نہیں ہوا اور انہوں نے کرس راک کو مخاطب کرکے کہا کہ ’میری بیوی کو اپنے مذاق سے باہر رکھیں۔‘

اس واقعے کی ویڈیو جہاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، وہیں اس نے دیکھنے والوں کو حیران کر دیا کہ آیا یہ سکرپٹ تھا یا حقیقی تھپٹر۔

وِل سمتھ کی اہلیہ جیڈا پنکٹ بھی اداکار ہیں، وہ (گنج پن) ایلوپیشیا کا شکار ہیں اور 2018 میں انہوں نے عوامی طور پر اس کا انکشاف کیا تھا۔

اس سارے معاملے کے بعد وِل سمتھ کو فلم ’کنگ رچرڈ‘ کے لیے بہترین اداکار جبکہ جیسیکا چیسٹین کو فلم ’دی آئیز آف ٹیمی فے‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔

2021 میں ریلیز ہونے والی امریکی فلم ’کنگ رچرڈ‘، ٹینس سٹارز سرینا اور وینس ولیمز کے والد رچرڈ ولیمز کی سوانح حیات پر مبنی ہے، جس میں وِل سمتھ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق کرس راک کو تھپٹر مارنے کے بعد وِل سمتھ نے تقریب میں بہت سے لوگوں سے معافی مانگی، جن میں وینس اور سرینا ولیمز بھی شامل تھیں، لیکن انہوں نے اپنی معافی میں راک کا ذکر نہیں کیا۔

کچھ اس سال کی بہترین فلم ’کوڈا‘ کے بارے میں!

2021 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کوڈا‘ ایک ایسے جوڑے کی کہانی پر مبنی ہے، جو سماعت سے محروم ہے، لیکن اس جوڑے کی بیٹی روبی خاندان کی واحد فرد ہے جو سن سکتی ہے۔

جب اس خاندان کے ماہی گیری کے کاروبار کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے، تو روبی کے لیے دوہری مشکل سامنے آتی ہے۔ وہ برکلی کالج آف میوزک میں اپنے شوق کے حصول کی خواہش مند ہوتی ہے، لیکن ایسے میں اسے اپنے والدین کو اکیلے چھوڑنے کا خوف لاحق ہوجاتا ہے۔

اس فلم کی مصنفہ اور ہدایت کارہ سیان ہیڈر ہیں جبکہ ایمیلیا جونز نے روبی کا مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ یہ فلم 2014 کی فرانسیسی فلم ’La Famille Bélier‘ سے ماخوذ ہے۔

کوڈا کو بہترین فلم اور بہرین ماخود سکرپٹ کے ساتھ ساتھ مزید دو ایوارڈز بھی ملے، جن میں آریانا ڈی بوس کو ملنے والا معاون اداکارہ اور ٹروئے کوٹسر کو ملنے والا معاون اداکار کا ایوارڈ شامل ہے۔


بعض تکنیکی مسائل کی وجہ سے ہماری ویب سائٹ پر کچھ لفظ درست طریقے سے دکھائی نہیں دے رہے۔ ہم اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ادارہ اس کے لیے آپ سے معذرت خواہ ہے۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم