شام میں باغیوں کے زیر قبضہ اور جنگ زدہ شہر ادلب کے علاقے میں یتیم بچوں کے لیے افطار کا اہتمام کیا گیا۔
یتیم شامی بچوں کے لیے اس افطار کا اہتمام ترکی کے ایک خیراتی ادارے نے کیا ہے جن کا کہنا کہ اس کا مقصد کیمپوں میں رہنے والے بچوں کو ایک جگہ جمع کرنا ہے۔
رمضان میں ان یتیم بچوں کے لیے دو روز تک افطار کا بندوبست کیا گیا ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ افطار کے ساتھ ساتھ بچوں کے لیے مختلف کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا گیا۔
ترکی کے خیراتی ادارے الدیانۃ الترکی فاؤنڈیشن کی جانب سے افطار کا بندوبست کرنے والے منتظم محمد سعید کا کہنا ہے کہ ’اس کا مقصد شمالی شام کے 1200 سو یتیم بچوں کو ایک ایسی جگہ جمع کرنا ہے جہاں یہ دو دن تک افطار اور کھیلوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔‘
محمد سعید کا کہنا ہے کہ اس ایونٹ کا بچوں پر بہت مثبت اثر ہوا ہے۔‘
ان کے مطابق ’اس سے ان یتیم بچوں کا اعتماد بڑھا ہے جو زیادہ تر ایسے بند کیمپوں میں ہی رہے ہیں جہاں انہیں ایسی گیمز اور ماحول میسر نہیں تھے۔‘