امریکہ: قبرستان سے چوری 100 انسانی باقیات ایک گھر سے برآمد

پولیس نے ملزم کے گھر اور سٹوریج یونٹ کی تلاشی کے دوران 100 سے زائد انسانی کھوپڑیاں، لمبی ہڈیاں، ممی شدہ ہاتھ اور پاؤں، دو سڑتی ہوئی لاشیں اور دیگر ڈھانچوں سے متعلق اشیا برآمد کیں۔

یکم ستمبر، 2021 کو لوئیزیانا میں حکام ایک قبرستان کا معائنہ کر رہے ہیں (اے ایف پی)

فلاڈیلفیا کے نواح میں ایک متروکہ قبرستان کے قریب کھڑی کار کی پچھلی سیٹ پر رکھی ہڈیاں اور کھوپڑیاں دیکھ کر پولیس کو ایک ایسے تہہ خانے تک پہنچنے کا سراغ ملا جو انسانی جسمانی اعضا سے بھرا ہوا تھا۔ 

حکام کا کہنا ہے کہ یہ باقیات ایک ایسے شخص نے جمع کر رکھی تھیں جس پر اب تقریباً 100 انسانی لاشوں کے ٹکڑے چوری کرنے کا الزام ہے۔

منگل کی رات کی گئی گرفتاری نے ماؤنٹ موریا قبرستان میں ہونے والی چوریوں کی ایک ماہ طویل تحقیقات کو انجام تک پہنچا دیا۔ 

پولیس کے مطابق نومبر کے اوائل سے اب تک کم از کم 26 مقبرے اور زیر زمین قبریں توڑی جا چکی تھیں۔

حکام نے افراتا کے رہائشی 34 سالہ جوناتھن کرسٹ گرلاک کے گھر اور سٹوریج یونٹ کی تلاشی لی اور 100 سے زائد انسانی کھوپڑیاں، لمبی ہڈیاں، ممی شدہ ہاتھ اور پاؤں، دو سڑتی ہوئی لاشیں اور دیگر ڈھانچوں سے متعلق اشیا برآمد کیں۔

ڈیلاویئر کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی ٹینر راؤس نے کہا ’یہ مختلف حالتوں میں تھیں۔ کچھ لٹکی ہوئی، کچھ کو جوڑ کر رکھا گیا تھا اور کچھ صرف شیلف پر رکھی کھوپڑیاں تھیں۔‘

حکام نے بتایا کہ زیادہ تر باقیات تہہ خانے میں تھیں۔ وہاں سے زیورات بھی ملے جن کے قبروں سے جڑے ہونے کا شبہ ہے۔ ایک کیس میں لاش کے ساتھ پیس میکر بھی موجود تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرلاک نے 1855 میں قائم کیے گئے اس قبرستان کے مقبروں اور زیر زمین قبروں کو نشانہ بنایا، جسے ملک کا سب سے بڑا متروکہ قبرستان تصور کیا جاتا ہے۔

’فرینڈز آف ماؤنٹ موریا قبرستان‘ کے مطابق یہ 160 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے اور اس میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ قبریں ہیں۔

پولیس چوریوں کی اس سلسلہ وار واردات کی تحقیقات کر رہی تھی جب ایک تفتیش کار نے گرلاک کی گاڑی کا نمبر چیک کیا تو معلوم ہوا کہ چوریوں کے دوران وہ بار بار ییدن کے علاقے کے قریب موجود رہے تھے۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ توڑی جانے والی قبریں بنیادی طور پر وہ پرانی قبریں تھیں جو بند تھی اور جن تک پہنچنے کے لیے پتھروں یا تعمیراتی حصوں کو توڑا گیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پولیس کے مطابق انہیں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اپنی کار کی طرف ایک بڑی رینچ (کرو بار) لیے واپس جا رہے تھے اور ان کے پاس موجود بوری جیسے تھیلے میں دو چھوٹے بچوں کی ممی شدہ باقیات، تین کھوپڑیاں اور دیگر ہڈیاں موجود تھیں۔

پولیس کے مطابق گرلاک نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ انہوں نے تقریباً 30 لاشوں کے انسانی اعضا لیے اور وہ مقامات بھی دکھائے جہاں سے انہوں نے باقیات چوری کیں۔

راؤس نے صحافیوں کو بتایا ’اس معاملے کی سنگینی اور کسی بھی معقول وضاحت کی مکمل عدم موجودگی کے باعث اس وقت یہ کہنا مشکل ہے کہ اصل میں کیا ہوا۔ ہم اسے سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

گرلاک پر 100 الزامات انسانی لاشوں کی بے حرمتی اور 100 الزامات چوری شدہ املاک رکھنے کے لگائے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ عوامی یادگار کی بے حرمتی، قابل احترام اشیا کی بے حرمتی، تاریخی قبرستان کی بے حرمتی، چوری، دخل اندازی اور چوری کے دیگر متعدد الزامات بھی شامل ہیں۔

وہ ایک ملین ڈالر کے بانڈ پر جیل میں ہیں۔ عدالت کے ریکارڈ میں کسی وکیل کا نام درج نہیں۔ ان کے موبائل نمبر پر بھیجے گئے پیغام کا کوئی جواب نہیں ملا۔

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ