ایران پر اختتام ہفتہ تک حملے کا امکان: امریکی میڈیا

سی این این نے اس سارے معاملے سے واقف ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں مشرقِ وسطیٰ میں فضائی اور بحری اثاثوں کی نمایاں تعیناتی کے بعد فوج ہفتے کے آخر تک حملے کے لیے تیار ہو سکتی ہے۔

ایران کی پاسداران انقلاب نے 17 فروری 2026 کو یہ تصویر جاری کی جس میں فوجی مشقوں کے دوران ایک میزائل فائر کیے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے (اے ایف پی)

عالمی میڈیا کی بعض رپورٹس کے مطابق امریکہ آنے والے دنوں میں ایران پر حملہ کر سکتا ہے جبکہ دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے سخت تنبیہ جاری کی ہے کہ تہران کو معاہدہ کرنا چاہیے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگی بحری جہاز، ایندھن بردار جہاز اور آبدوزیں مشرقِ وسطیٰ بھیج دی ہیں تاکہ ممکنہ حملوں کے لیے جلد از جلد تیار رہا جا سکے۔

واشنگٹن اور تہران ایران کے جوہری پروگرام پر طویل عرصے سے جاری تنازع کو حل کرنے کے لیے کام کر رہے تھے، لیکن رواں ہفتے جنیوا میں ہونے والے مذاکرات بغیر کسی پیش رفت کے ختم ہو گئے۔

ادھر حالیہ کشیدگی کے پیشِ نظر پولینڈ کے وزیرِ اعظم ڈونلڈ ٹسک نے جمعرات کو اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ جلد از جلد ایران سے نکل جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے پاس صرف چند گھنٹے ہیں۔ 

دی انڈپینڈنٹ کے مطابق ایران نے کہا ہے کہ اصولی طور پر ایک سمجھوتا طے پا گیا ہے، لیکن دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا منگل کو کہنا تھا کہ ایران اب بھی واشنگٹن کے بنیادی مطالبات کو نظر انداز کر رہا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملے کا آپشن اب بھی موجود ہے۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اس ہفتے خبردار کیا کہ ایران جوابی کارروائی کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ نے حکومت کے خلاف حملے دوبارہ شروع کیے تو اسے ’اتنا سخت نشانہ بنایا جا سکتا ہے کہ وہ دوبارہ کھڑا نہ ہو سکے۔‘

ایران جمعرات کو جنوبی علاقوں میں راکٹ لانچ کے ذریعے طاقت کا مظاہرہ کرنے کی تیاری کر رہا تھا۔

سی این این نے اس سارے معاملے سے واقف ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کو بریف کیا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں مشرقِ وسطیٰ میں فضائی اور بحری اثاثوں کی نمایاں تعیناتی کے بعد فوج ہفتے کے آخر تک حملے کے لیے تیار ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم ذرائع نے خبردار کیا کہ ٹرمپ نے نجی طور پر فوجی کارروائی کے حق میں اور مخالفت میں دونوں دلائل دیے ہیں اور بہترین راستہ اختیار کرنے کے بارے میں مشیروں اور اتحادیوں سے رائے لی ہے۔

انتظامیہ کے اعلیٰ قومی سلامتی کے حکام نے بدھ کے روز وائٹ ہاؤس کے سیچویشن روم میں ایران کی صورت حال پر بات چیت کے لیے اجلاس بلایا۔

ادھر روس نے بھی جمعرات کو ایران کے گرد و نواح میں ’تناؤ میں اضافہ‘ کے خلاف خبردار کیا ہے اور خطے میں امریکی فوجی تعیناتی کے دوران تحمل کی اپیل کی، جس کے بارے میں ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار نے کہا کہ یہ مارچ کے وسط تک مکمل ہو جانی چاہیے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایران کے جوہری پروگرام پر بات چیت میں دونوں فریقوں کے درمیان واضح اختلاف کے باعث امریکہ کی جانب سے ایران پر بمباری کی دھمکیوں نے تیل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، اور جمعرات کو ایک روسی جنگی جہاز (کارویٹ) خلیجِ عمان میں منصوبہ بند ایرانی بحری مشقوں میں شامل ہوا، جو عالمی توانائی کے لیے ایک اہم سمندری راستہ ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ