آکلینڈ پولیس کے مطابق نیوزی لینڈ میں ایک شخص نے جیولری برانڈ فیبرژے کا تیارکردہ لگژری انڈہ نما لاکٹ چرانے کی کوشش میں اسے نگل لیا۔ لاکٹ کی مالیت 33 ہزار ڈالر سے زیادہ ہے۔
جمعے کو دن کے وقت ساڑھے تین بجے کے قریب شہر کے مرکز میں واقع پارٹریج جیولرز میں عملے نے الرٹ دیا کہ ایک گاہک شوکیس میں رکھا مہنگا جیمز بونڈ آکٹوپسی لاکٹ اٹھا کر نگل چکا ہے، جس پر پولیس کو بلایا گیا۔
سینٹرل ایریا پولیس کمانڈر گرے اینڈرسن نے کہا: ’آکلینڈ سٹی پولیس ٹیم چند منٹ بعد پہنچی اور اس شخص کو سٹور کے اندر سے گرفتار کر لیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سٹور میں موجود ایک شخص نے مبینہ طور پر لاکٹ اٹھایا اور اسے نگل لیا۔‘
عدالتی دستاویزات کے مطابق 32 سالہ ملزم پر 29 نومبر کو فیبرژے ایکس 007 سپیشل ایڈیشن آکٹوپسی ایگ سرپرائز لاکٹ کی چوری کے الزام میں باقاعدہ طور پر فر جرم عائد کی گئی۔ لاکٹ کی قیمت 33 ہزار 585 ڈالر ہے۔
فیبرژے، جو اس ڈیزائن کا معروف لگژری ہاؤس ہے، انڈے کی شکل کے نفیس لاکٹ بنانے کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
برانڈ کی آفیشل ویب سائٹ کی معلومات کے مطابق یہ لاکٹ 18 قیراط زرد سونے سے بنا ہوا ہے اور اس پر سبز رنگ کا اینامل لگا ہے، جس پر نقش ونگار بنے ہوئے ہیں۔ لاکٹ پر 60 سفید ہیروں اور 15 نیلم ہیروں سے کیا گیا کام شامل ہے۔
لاکٹ کے اندر ’ایک سرپرائز‘ موجود ہے یعنی 18 قیراط سونے سے بنا ننھا آکٹوپس، جس کی آنکھوں میں دو سیاہ ہیرے جڑے گئے ہیں۔ یہ لاکٹ 1983 کی اس فلم کو خراج ہے، جس میں خیالی خفیہ سروس کا جاسوس دکھایا گیا ہے۔
گرے اینڈرسن نے کہا کہ پولیس لاکٹ کی تصویر جاری نہیں کر سکتی کیوں کہ وہ ’ابھی تک برآمد نہیں ہوا۔‘
لاکٹ کی چوری وہ واحد الزام نہیں جس کا سامنا ملزم کو ہے۔ ان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے 12 نومبر کو پارٹریج جیولرز سے ایک آئی پیڈ چرایا اور ایک روز بعد ایک نجی مکان سے 100 ڈالر مالیت کی بلی کے فضلے کو جذب کرنے والی ریت اور پسو مار دوا لے اڑے۔
ملزم اس وقت حراست میں ہیں اور انہیں آٹھ دسمبر کو ڈسٹرکٹ کورٹ میں دوبارہ پیش کیا جائے گا۔
© The Independent