امریکہ: 90 سیکنڈ میں 20 کروڑ ڈالر کے زیورات چوری

پولیس کے مطابق ملزم ڈیڑھ منٹ تک دکان میں رہے۔ ایک ملزم نے زیورات کی دکان کے ملازمین پر مرچوں والا سپرے اور ٹیزر تانے رکھا جب کہ باقی تین نے ڈکیتی کی۔

لندن کے وکٹوریہ البرٹ میوزیم میں 25 اپریل 2025 کو پٹیالہ کے مہاراجہ بھوپندر سنگھ کا نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہار موجود ہے (جسٹن ٹیلس/ اے ایف پی)

امریکی پولیس کے مطابق سیئٹل کی ایک دکان پر دھاوا بول کر محض 90 سیکنڈ میں 20 کروڑ ڈالر کے زیورات چوری کر لیے۔

سیئٹل کی مقامی پولیس نے بتایا کہ یہ ڈکیتی دن دہاڑے کی گئی۔ جمعرات کو دوپہر کے قریب چار نقاب پوش ملزموں نے ویسٹ سیئٹل میں میناشے اینڈ سنز جیولرز کے شیشے کے بند دروازے کو ہتھوڑے مار کر توڑ ڈالا۔

چوروں نے دکان میں داخل ہو کر شیشے کے چھ شو کیس توڑ ڈالے اور پولیس کے مطابق 20 کروڑ روپے مالیت کے زیورات، ہیرے اور قیمتی گھڑیاں چرا لیں۔

حکام کے مطابق ایک الماری میں سات سے آٹھ لاکھ ڈالر مالیت کی رولیکس گھڑیاں رکھی ہوئی تھیں۔ دوسری میں زمرد کا ہار جس کی قیمت ایک لاکھ 25 ہزار ڈالر ہے اور ایک پلاٹینم ہیرا موجود تھا۔

پولیس نے کہا کہ دو دیگر شو کیسوں میں ’سونے کے زیورات کی بڑی تعداد‘ موجود تھی۔

پولیس کے مطابق ملزم ڈیڑھ منٹ تک دکان میں رہے۔ ایک ملزم نے زیورات کی دکان کے ملازمین پر مرچوں والا سپرے اور ٹیزر تانے رکھا جب کہ باقی تین نے ڈکیتی کی۔

متاثرین اور نہ ہی عینی شاہدین نے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔

دکان کے نائب صدر جوش میناشے نے امریکی خبر رساں ادارے  ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ’ہم بطور عملہ کافی ہل گئے ہیں۔ ہم کچھ عرصے کے لیے دکان بند رکھیں گے۔‘

دکان 19 اگست تک بند رہے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دکان کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ’ہم ویسٹ سیئٹل کی کمیونٹی اور ان تمام لوگوں کے بے حد شکر گزار ہیں جنہوں نے محبت بھرے الفاظ کا اظہار کیا اور ہماری حوصلہ افزائی کی۔ ہم جلد ہی آپ کا دوبارہ استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر۔‘

ایسوسی ایٹڈ پریس کو حاصل ہونے والی سکیورٹی فوٹیج میں دکھایا گیا کہ چاروں ملزم، سب نے ہوڈیز پہنی ہوئی تھیں، دکان میں گھس آئے، ہتھوڑوں سے الماریاں توڑیں اور پھر قیمتی سامان کو سیاہ رنگ کے بیگز میں بھر لیا۔

ایک موقع پر سرمئی سوٹ پہنے ایک ملازم ملزموں کے قریب جاتا ہے اور پھر جب ایک ملزم اس کی طرف کوئی چیز تان لیتا ہے تو وہ اپنے ہاتھ اوپر کر لیتا ہے۔

حکام نے بتایا کہ تیزی سے کی جانے والی ڈکیتی کے بعد ملزم ’فرار کے لیے استعمال ہونے والی کار‘ میں بیٹھ کر نکل گئے اس سے پہلے کہ افسران موقع پر پہنچتے۔

پولیس نے علاقے کی تلاشی لی لیکن ملزم نہیں ملے۔ وہ اب بھی فرار ہیں اور تفتیش جاری ہے۔

پولیس نے معلومات رکھنے والے کسی بھی شخص سے اپیل کی ہے کہ وہ سیئٹل پولیس ڈیپارٹمنٹ کی سنگین جرائم کی اطلاع دینے لائن پر فون کرے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ