’بات اپنے وقت پر ہوگی‘: ’لاپتہ‘ سابق میجر برطانیہ پہنچ گئے

میجر (ر) عادل راجا كی اہلیہ سبین كیانی كی بدھ كی رات كی ٹویٹ كے باعث سمجھا جا رہا تھا كہ سابق آرمی آفیسر جبری گمشدگی كا نشانہ بنے ہیں۔

جمعرات کو سابق میجر (ر) عادل راجا کی ایک ٹویٹ منظر عام پر آئی جس میں انہوں نے اپنے برطانیہ پہنچنے كا انكشاف كیا (تصویر: میجر (ر) عادل راجا ٹوئٹر)

راولپنڈی سے بدھ (20 اپریل) كو مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والے ’پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی‘ کے سابق ترجمان میجر (ر) عادل راجا اپنے خاندان کے پاس برطانیہ پہنچ گئے۔

میجر (ر) عادل راجا كی اہلیہ سبین كیانی كی بدھ كی رات كی ٹویٹ كے باعث سمجھا جا رہا تھا كہ سابق آرمی آفیسر جبری گمشدگی كا نشانہ بنے ہیں۔

تاہم جمعرات کو سابق میجر عادل راجا كی ایک ٹویٹ منظرعام پر آئی، جس میں انہوں نے اپنے برطانیہ پہنچنے كا انكشاف كیا۔

یاد رہے كہ بدھ كی رات میجر (ر) عادل راجا کی اہلیہ سبین کیانی نے ایک ٹویٹ میں لكھا تھا كہ ان كا اپنے شوہر سے كوشش كے باوجود رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹر صارفین سے اپنے شوہر كے متعلق معلومات ہونے كی صورت میں انہیں اطلاع دینے كی استدعا كی تھی۔

سبین كیانی كی ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ میجر (ر) عادل راجا جبری گمشدگی كا شكار ہو سكتے ہیں۔ 

جمعرات كی صبح بیگم سبین كیانی نے ایک ٹویٹ میں لكھا كہ ان كا ان كے شوہر سے رابطہ ہو گیا ہے اور وہ خیریت سے ہیں۔

اس ٹویٹ كے كچھ دیر بعد ہی میجر (ر) عادل راجا بھی ٹوئٹر پر نمودار ہوئے اور لكھا: ’دوستوں کی دعاؤں اور اللہ کی مدد کے ساتھ الحمداللہ میں خیروعافیت سے اپنی فیملی کے پاس برطانیہ پہنچ گیا ہوں۔‘

انہوں نے مزید لکھا: ’کہنے کو بہت کچھ ہے مگر ہر بات اپنے وقت پر ہوگی۔ اس کے بعد اگر میری ماں اور عزیزوں پر آنچ بھی آئی تو میں کسی کا لحاظ نہیں کروں گا۔‘

اپنی ٹویٹ كے ساتھ میجر (ر) عادل راجا نے پولیس کے پاس درج کروائی گئی ایک شکایت کی کاپی بھی منسلک كی جس میں ’جان سے مارنے‘ کی دھمکیوں کا ذکر ہے۔

راولپنڈی كے تھانہ سول لائنز میں 19 اپریل كو درج آن لائن شكایت میں میجر (ر) عادل راجا نے دعویٰ كیا كہ انہیں جان سے مارنے كی دھمكیاں دی گئی ہیں۔

میجر (ر) عادل راجا سوشل میڈیا خصوصاً ٹوئٹر اور فیس بک پر زیادہ جانے جاتے ہیں جہاں وہ اپنے پیغامات كے ذریعے پاكستان كے سیاسی نظام میں موجود خامیوں میں نشاندہی كرتے ہیں۔

وہ پاكستان تحریک انصاف كے بھی سپورٹر رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر اس سلسلے میں پیغامات دیتے رہتے ہیں۔

 مسلح افواج کے ریٹائرڈ افسران کا جلد انتخابات کا مطالبہ

دوسری طرف پاکستان کی مسلح افواج کے ریٹائرڈ افسران کی تنظیم ’ویٹرنز آف پاكستان‘ نے پاكستان میں عبوری حكومت كے قیام اور جلد از جلد شفاف انتخابات كرانے كا مطالبہ كیا ہے۔

جمعرات کو تنظیم کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں بتایا گیا کہ ویٹرنز آف پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ میں پاکستان کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے میں ملک کی موجودہ سکیورٹی صورت حال کا حوالہ دیتے ہوئے یہ نکات بیان کیے گئے:

اس میں کوئی شک نہیں کہ سفارتی مراسلے میں کھلی مداخلت کا ثبوت موجود ہے جبکہ پاکستان کے اندرونی معاملات کے لیے غیرسفارتی اور ہتک آمیز زبان استعمال کی گئی، جس نے پاکستان کی قیادت اور خودمختاری کو نقصان پہنچایا۔

اس وقت سیاسی منظر نامے میں وہ افراد اور جماعتیں شامل ہیں جن کا ایجنڈا اختلافات پیدا کرنے سے کہیں آگے جا کر قومی بیانیے میں دراڑ ڈالنا ہے۔

حالیہ سیاسی بحران کا واحد حل یہ ہے کہ نگران حکومت کا اعلان کیا جائے اور 90 روز میں شفاف اور آزادانہ انتخابات کروائے جائیں۔

پاکستان کے سکیورٹی حکام درپیش خطرات کا جائزہ لیں جو کہ ہائبرڈ وارفیئر کی صورت میں موجود ہیں اور ملک کو اندر سے کھوکھلا کرسکتے ہیں۔

مسلح افواج کے ریٹائرڈ افسران نے تمام سیاسی جماعتوں اور قوم سے اپیل کی کہ وہ قومی سلامتی کو لاحق خطرے کے خلاف باہر نکلیں اور ملکی اتحاد اور قیادت کو درپیش خطرناک عزائم کو خاک میں ملا دیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان