سپریم کورٹ مراسلے کی کھلی سماعت کرے: عمران خان

سابق وزیر اعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن کے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان 23 اپریل 2022 کو بنی گالہ، اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے (فوٹو: عمران خان فیس بک پیج)

سابق وزیراعظم عمران خان نے ہفتے کو ایک بار پھر تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اپنی حکومت کے خاتمے میں ’غیر ملکی سازش‘ کا ذکر کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے معاملے کی کھلی سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔

وزارت عظمی کھونے کے بعد پہلی مرتبہ بنی گالہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے کہا کہ ان کے خلاف ’جنوری سے گیم شروع ہوئی۔‘

’امریکی عہدے دار ڈونلڈ لو کی پاکستانی سفیر سے ملاقات کے اگلے روز عدم اعتماد کی تحریک آئی۔‘

انہوں نے مراسلے کے معاملے پر بلائے گئے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’نیشنل سکیورٹی کانفرنس نے تصدیق کی کہ میری سربراہی میں جو اجلاس ہوا تھا، اس کے منٹس ٹھیک تھے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز نیشنل سکیورٹی کمیٹی نے ایک اعلامیے میں کہا تھا کہ ’اس میں کوئی غیر ملکی سازش نہیں ہوئی۔‘

سابق وزیراعظم نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ’جس وجہ سے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی رولنگ کو قبول نہیں کیا گیا، سپریم کورٹ کو اب وہ کرنا چاہیے۔‘

’میں چاہتا ہوں کہ سپریم کورٹ کے اندر کھلی سماعت ہو۔ ان کیمرا نہیں، میں اوپن سماعت مانگتا ہوں کیونکہ یہ اتنی بڑی واردارت ہوئی ہے۔‘

عمران خان نے مزید کہا: ’آج اگر اپنی سالمیت کے لیے ہماری سپریم کورٹ کھڑی نہیں ہوئی تو کوئی وزیراعظم دھمکیاں برداشت نہیں کرے گا بلکہ اپنی کرسی بچانے کے لیے ہاتھ کھڑا کر دے گا۔‘

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کو اس بات کی تحقیقات کرنی چاہییں کہ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے سے قبل ’بیرون ملک سفارت خانے میں کون کون سے لوگ جانے شروع ہوئے۔‘

عمران خان کے مطابق یہ سازش پاکستانی جمہوریت کے خلاف انتہائی خطرہ ہے اور یہ کہ اگر ہمارے اداروں نے اسے نہ روکا تو ہمارے بچوں کا مستقبل خطرے میں پڑ جائے گا۔

انہوں نے اپنی گفتگو میں یہ مطالبہ بھی کیا کہ الیکشن کمیشن مستعفی ہو جائے کیونکہ انہیں اس پر اعتبار نہیں۔

انہوں نے ایک مرتبہ پھر اپنے کارکنوں کو اسلام آباد کی طرف مارچ کے لیے تیاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ وہ اسلام آباد آنے کی تاریخ کا اعلان بعد میں کریں گے لیکن ساتھ ہی پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ ’حقیقی آزادی‘ کے لیے مارچ کی تیاریاں کریں۔‘

عمران خان کی پریس کانفرنس کے کچھ دیر بعد وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان سازش کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ عمران خان نے مراسلہ کیوں چھپائے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کو بےوقوف بنانا بند کریں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن کیوں مستعفی ہو اس لیے کہ عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس ختم ہو جائے؟

انہوں نے مزید کہا کہ دھرنے دینا عمران خان کی قسمت میں لکھا ہوا ہے۔ ’اسلام آباد آئے تو آپ سے توشہ خانے کے پیسوں کے بارے میں پوچھا جائے گا۔ پوچھا جائے گا کہ تحفے میں ملنے والی گھڑیاں کدھر گئیں۔ آپ نے ملک کو  45 ہزار ارب روپے کا مقروض کیا۔ بیت المال پر ڈاکہ ڈالا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست