متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اتوار کو کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین نے ڈاکٹر عمران فاروق کو قتل کروایا۔
اتوار کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ’بانی ایم کیو ایم نے نشے میں دھت ہو کر عمران فاروق کو قتل کرنے کا حکم دیا۔ بانی ایم کیو ایم کی سالگرہ پر عمران فاروق کو مار کر انہیں تحفہ دیا گیا۔‘
متحدہ قومی موومنٹ کے سینیئر رہنما 50 سالہ ڈاکٹر عمران فاروق کو برطانوی دارالحكومت لندن كے علاقے ایجویر میں 2010 میں ان کے گھر کے باہر چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔
ڈاكٹر عمران فاروق، جو لندن میں جلاوطنی كی زندگی بسر كر رہے تھے، 1990 کی دہائی میں پاكستانی سكیورٹی فورسز كے ایم كیو ایم كے خلاف آپریشن كے شروع ہوتے ہی ملک سے فرار ہو گئے تھے۔
برطانوی پولیس كی تفتیش كے نتیجے میں قتل میں ملوث افراد كی نشاندہی ہو گئی تھی، تاہم ان كی پاكستان میں موجودگی كے باعث گرفتاریاں ممكن نہ ہو سكیں۔
پریس کانفرنس کے دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وہ عمران فاروق کے بچوں سے کہتے ہیں کہ لندن میں بانی ایم کیو ایم سے بچیں اور اپنے باپ کے قتل کی تحقیقات کے لیے عدالت میں ایک اور مقدمہ دائر کریں۔ انہوں نے کہا کہ ’بچے ہمت سے کام لیں، میں اپنے پیسے سے ان کا ساتھ دینے پر تیار ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دو سال سے بانی ایم کیو ایم کے حوالے سے بات کرنا چھوڑ دی تھی۔ ’ہم نے بہت سی باتوں پر پردہ ڈالا۔ جب عمران فاروق کو قتل کیا گیا تھا، میں پارٹی کی جانب سے گیا تھا۔ میں وہاں موجود تھا۔ بانی ایم کیو ایم کو نمازِ جنازہ میں صرف تصویر بنوانی تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم نے مسجد میں کیمرے کی اجازت نہ ہوتے ہوئے بھی لڑکے سے تصویر بنوائی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے بانی ایم کیو ایم کو ’مہاجر قوم کے سب سے بڑے غدار‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سکاٹ لینڈ یارڈ کو پتہ تھا کہ عمران فاروق کو کس نے مارا ہے، اس لیے انہوں نے قتل کے 15 دن تک بچوں کو چھپا کر رکھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ خاموشی کو کمزوری سمجھتے ہیں۔ ایم کیو ایم کے اور لوگوں کو بھی پتہ ہے لیکن وہ خاموش رہتے ہیں۔ ’اس آدمی نے ہمیں 200 سال پیچھے کردیا ہے، تعلیم تربیت سب تباہ کردیا۔ میں عمران فاروق کے قاتلوں کو گرفتار کروانے کے لیے ہر تعاون کے لیے تیار ہوں۔‘
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ کا انتقال ہوا۔ بانی ایم کیو ایم نے ان کی لاش کو لے کر واویلا کیا اور میت پاکستان بھیجنے کے لیے دنیا بھر سے چندا اکٹھا کیا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وہ پہلے بانی ایم کیو ایم کے لیے دعائیں کرتے تھے مگر اب انہوں نے توبہ کا دروازہ بند کرلیا۔ ’انہیں اب چپ رہ کر خاموشی سے مر جانا چاہیے۔‘