وزیراعظم میرٹ پر آرمی چیف تعینات کریں گے: خواجہ آصف

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہر کسی کو متنازع بناتی ہے۔

خواجہ محمد آصف 20 فروری 2018 کو بطور وزیر خارجہ ماسکو کے دورے کے دوران (اے ایف پی/ فائل)

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بدھ کو کہا کہ جب نومبر میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا وقت آئے گا تو وزیر اعظم شہباز شریف میرٹ پر آرمی چیف تعینات کریں گے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ نومبر ابھی دور ہے اور آرمی چیف کی تعیناتی نومبر میں ہوتی ہے۔

’جب وقت آئے گا وزیر اعظم تو آئین میں دیے گئے اختیارات کو استعمال کریں گے اور وزیر اعظم کو اس سے کوئی روک نہیں سکتا۔‘

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہر کسی کو متنازع بناتی ہے۔ پچھلی حکومت کے بارے میں وزیر دفاع نے کہا: ’عمران خان اپنے اوپر یہ حالات خود لائے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کسی بھی الزام کی آئینی حیثیت نہیں ہے۔ ایک روز قبل سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ موجودہ حکومت کو آرمی چیف اور دیگر تعیناتیوں کا کوئی حق نہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ تحریک انصاف رہنما فواد چوہدری نے یہ ٹھیک کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے ان کے تعلقات ٹھیک نہیں ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے بارے میں ان کا کہنا تھا، ’پی ٹی آئی بابریعقوب کو چیف الیکشن کمشنربنانا چاہتی تھی ہم نے مخالفت کی، بابریعقوب کا نام مسترد کیا تو پی ٹی آئی سکندرسلطان راجہ کا نام لے آئی۔‘

خواجہ آصف نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے ان کے تعلقات ماضی میں اونچ نیچ کا شکار رہے مگر اب وہ حالات نہیں ہیں، بلکہ مسلم لیگ ن یہاں تک اپنے ووٹ کی طاقت سے آئے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان