ایمبر ہرڈ عدالت میں بیان دیتے ہوئے جذباتی ہو گئیں

اداکارہ ایمبر ہرڈ نے جونی ڈیپ کی جانب سے دائر کیے جانے والے ہتک عزت کے مقدمے میں پہلی بار گواہی دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کا تعلق ’جادوئی‘ حد تک شاندار تھا لیکن بعد میں یہ ’پرتشدد‘ ہو گیا۔

ایمبر ہرڈ چار مئی کو ورجنیا کی ایک عدالت میں گواہی دیتے ہوئے (اے ایف پی)

امریکی اداکارہ ایمبر ہرڈ بدھ کو عدالت میں اپنے سابق شوہر جونی ڈیپ کی جانب سے روا رکھے گئے مبینہ جسمانی تشدد پر بیان دیتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ہرڈ نے ڈیپ کی جانب سے دائر کیے جانے والے ہتک عزت کے مقدمے میں پہلی بار گواہی دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کا تعلق ’جادوئی‘ حد تک شاندار تھا لیکن بعد میں یہ ’پرتشدد‘ ہو گیا۔

ایمبر ہرڈ نے عدالت کو بتایا کہ جونی ڈیپ نے ’پہلی بار اس وقت ان کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جب انہوں نے ڈیپ کے غیر واضح ٹیٹو کے بارے میں دریافت کیا تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ ڈیپ نے جواب میں ’وینو‘ اور وہ یہ سوچ کر ہنس پڑیں کہ یہ ایک مذاق ہے۔

ہرڈ نے کہا: ’اس کے بعد ڈیپ نے میرے منہ پر تھپڑ دے مارا۔ میں نہیں جانتی تھی کہ کیا ہو رہا ہے۔ میں صرف ان کی طرف دیکھتی رہ گئی۔‘

انہوں نے عدالت میں کہا کہ ’انہوں نے مجھے دو بار مزید تھپڑ مارے اور کہا تمہیں یہ مذاق لگتا ہے کتیا۔‘

58 سالہ ڈیپ نے مقدمے کی سماعت میں پہلے بیان دیا تھا کہ انہوں نے ’کبھی بھی ہرڈ کو نہیں مارا بلکہ وہ خود ان کے ساتھ بدسلوکی کرتی تھیں۔‘

’پائریٹس آف دی کیریبین‘ کے سٹار نے 36 سالہ ہرڈ پر پانچ کروڑ ڈالر کا مقدمہ دائر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے انہیں ’گھریلو تشدد‘ کے حوالے سے بدنام کیا۔ ہرڈ نے ڈیپ پر دس کروڑ ڈالر کا جوابی مقدمہ یہ کہتے ہوئے دائر کیا ہے کہ ڈیپ نے انہیں ’جھوٹا‘ قرار دے کر ان کی ’توہین‘ کی ہے۔

بدھ کو ہونے والی سماعت کے دوران ہرڈ نے نم آنکھوں کے ساتھ کہا کہ وہ اس سب کے باوجود ڈیپ کے ساتھ صرف اس وجہ سے رہیں کیونکہ ’وہ ان کی معذرت اور وعدوں پر یقین کرنا چاہتی تھیں کہ وہ انہیں کبھی نہیں ماریں گے۔‘

لیکن ہرڈ نے کہا کہ ڈیپ نے ان پر ’کئی بار‘ دوبارہ حملہ کیا۔ ’عام طور پر جب وہ شراب پی رہے ہوتے یا منشیات استعمال کرتے تھے۔‘

ہرڈ نے الزام لگایا کہ مئی 2013 میں دوستوں کے ساتھ ’ایک ویک اینڈ کے دوران ہونے والی بحث کے دوران ’ڈیپ نے ان کا لباس پھاڑ دیا یہی نہیں بلکہ ان کا زیر جامہ تک پھاڑ ڈالا اور اپنی انگلیاں ان کے ’اندر‘ ڈال دیں۔‘

اس سے قبل ماہر نفسیات ڈان ہیوز نے گواہی دی تھی کہ ہرڈ نے انہیں بتایا تھا کہ ’جونی ڈیپ نے کوکین کی تلاش کے لیے اپنی انگلیاں ان کی شرم گاہ میں ڈالی تھیں۔‘

اس سے ایک روز قبل یعنی منگل کو جونی ڈیپ کی جانب سے اپنی سابق اہلیہ ایمبر ہرڈ کے خلاف دائر ہتک عزت کے مقدمے کی سماعت کرنے والے امریکی جج نے کیس مسترد کرنے کی وکیل دفاع کی درخواست کو مسترد کردیا۔

فیئر فیکس کاؤنٹی سرکٹ کورٹ میں تین ہفتوں کی گواہی کے بعد ڈیپ کے وکلا کی جانب سے اپنا کیس مکمل کرنے کے بعد 36 سالہ  اداکارہ کے وکلا نے جج پینی ازکاریٹ سے مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کی تھی۔

ایمبر ہرڈ کے وکلا نے دعویٰ کیا کہ ڈیپ یہ ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں کہ انہیں دسمبر 2018 میں واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والے ایک آرٹیکل کے ذریعے بدنام کیا گیا تھا۔ اس آرٹیکل میں ہرڈ کو ’گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والی عوامی شخصیت‘ کے طور پر بیان کیا تھا۔

ہرڈ کے وکیل بین روٹن بورن نے کہا کہ عدالت کو کیس مسترد کرنے کی درخواست منظور کرنی چاہیے کیونکہ اس کے غیر متنازع ثبوت موجود ہیں کہ خود ڈیپ نے ’درحقیقت ایمبر کے ساتھ بدسلوکی‘ تھی۔

ڈیپ کے وکیل بینجمن چیو نے جج سے درخواست مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ’اس کمرہ عدالت میں بدسلوکی کرنے والی ہرڈ خود ہیں۔‘

دی انڈپینڈنٹ کے مطابق 36 سالہ اداکارہ نے ہالی ووڈ کی متعدد فلموں میں معاون کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ’ڈی سی‘ سپر ہیرو فرنچائز میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ وہ ایکوا مین میں لیڈ کردار میں نظر آئی تھیں۔

ان کی ایک سالہ بیٹی ہے جس کا نام اونیگ ہے جو 2021 میں ایک سروگیٹ ماں کے ذریعے پیدا ہوئی تھی۔

ہرڈ کی شناخت بائی سکسچول کے طور پر بھی کی جاتی ہے اور ڈیپ کے ساتھ اپنی شادی سے پہلے وہ فوٹوگرافر تاسیا وان ری سے ڈیٹ کرتی رہی ہیں۔

ہرڈ اپنے والدین اور چھوٹی بہن وٹنی کے ساتھ ٹیکساس کے قصبے آسٹن سے باہر ایک زرعی علاقے میں پلی بڑھی تھیں۔

17 سال کی عمر میں وہ ایک ہالی ووڈ ایجنٹ کے ساتھ نظر آنے کے بعد وہ لاس اینجلس منتقل ہو گئیں اور آڈیشن میں شرکت کے دوران متعدد پارٹ ٹائم جابز کیں۔

انہوں نے جیک اینڈ بوبی، دی ماؤنٹین، اور  ڈرامہ دی او سی سمیت متعدد ٹیلی ویژن سیریز میں چھوٹے موٹے کردار ادا کیےاور 2004 فرائیڈے نائٹ لائٹس کے ذریعے اپنی فلمی شروعات کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فلم