نجی ٹور آپریٹر حج کے لیے پیشگی رقم جمع نہیں کر سکتے: وزارت

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق یہ بات نوٹس میں آئی ہے کہ کچھ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز اور انفرادی شخصیات حج درخواستوں یا رجسٹریشن کے نام پر لوگوں سے براہ راست یا اپنے غیر متعلقہ ایجنٹس کے ذریعے رقم وصول کر رہے ہیں۔

دو اگست، 2020 کو کرونا وبا کے دوران عازمین مسک پہنے حج کرتے ہوئے (اے ایف پی)

پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے جمعے کو بتایا کہ اس نے نجی ٹور آپریٹرز اور انفرادی شخصیات کو حج کے لیے پیشگی رقم جمع کرنے سے روک دیا ہے۔

کرونا وبا کی وجہ سے دو سال کے وقفے کے بعد سعودی عرب نے اس سال دنیا بھر سے مسلمانوں کو حج کی ادائیگی کی اجازت دی ہے۔

پاکستان اس سال حج کے لیے 81 ہزار 132عازمین بھیجے گا جس کا 60 فیصد کوٹہ نجی حج آپریٹرز کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ اس سال عازمین کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر کی حد 65 مقرر کی گئی ہے۔

حکومت پاکستان نے گذشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ اس سال حج کرنے کے خواہش مند افراد 50 ہزار روپے کی پیشگی رقم کے ساتھ یکم سے 13 مئی تک آن لائن درخواستیں جمع کر سکتے ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان محمد عمر بٹ نے جمعے کو عرب نیوز کو بتایا: ’وزارت کے نوٹس میں یہ بات آئی ہے کہ کچھ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز اور انفرادی شخصیات حج درخواستوں یا رجسٹریشن کے نام پر لوگوں سے براہ راست یا اپنے غیر متعلقہ ایجنٹس کے ذریعے رقم وصول کر رہے ہیں۔‘

ان کے بقول: ’یہ عمل سراسر غلط، غیر قانونی اور قابل گرفت جرم ہے۔ ایسے تمام افراد اور کمپنیوں پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ اس غیر قانونی سرگرمی سے باز رہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’وزارت حج نے تاحال کسی ٹور آپریٹر کو حج کی درخواستیں وصول کرنے یا رجسٹر کرنے کی اجازت نہیں دی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ جو شہری وزارت کی ہدایات پر عمل نہیں کرتے وہ اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے۔

خیال رہے کہ 2021 اور 2020 میں سعودی حکومت نے کرونا وبا کے باعث لگنے والی پابندیوں کی وجہ سے صرف مملکت میں مقیم افراد کو حج کی ہدایت دی تھی۔

مذہبی امور کے وزیر مفتی عبدالشکور نے 29 اپریل کو کہا تھا کہ سعودی عرب میں ٹیکسوں اور دیگر سہولیات کی لاگت میں اضافے کی وجہ سے اس سال حج کی لاگت سات سے 10 لاکھ روپے تک ہوسکتی ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا