پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بسمہ معروف کو سیزن 23-2022 کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
پی سی بی کی جاری پریس ریلیز کے مطابق اس سیزن کے دوران پاکستان کو اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سمیت 25 میچ کھیلنے ہیں۔
سیزن کا آغاز رواں ماہ سری لنکا کے خلاف کراچی میں شیڈول تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز سے ہوگا۔
اس کے بعد ٹیم بیلفاسٹ، آئرلینڈ روانہ ہوجائے گی، جہاں وہ میزبان آئرلینڈ اور ورلڈ چیمپیئن آسٹریلیا کے خلاف سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کرے گی۔
یہ سیریز 12 سے 24 جولائی تک کھیلی جائے گی۔ سہ ملکی سیریز مکمل کرنے کے بعد ٹیم بسمہ معروف کی قیادت میں برمنگھم روانہ ہوگی، جہاں اسے 25 جولائی سے آٹھ اگست تک شیڈول کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنی ہے۔
آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2022 کی طرح بسمہ معروف بیلفاسٹ اور برمنگھم بھی اپنی بیٹی اور والدہ کے ہمراہ روانہ ہوں گی۔
پی سی بی اپنی پیرنٹل سپورٹ پالیسی کے تحت یہ اخراجات برداشت کرے گا۔
بسمہ کا کہنا ہے کہ اپنے ملک کی قیادت کرنا کسی بھی کھلاڑی کے لیے اعزاز ہوتا ہے اور انہیں خوشی ہے کہ وہ اس عہدے پر کام جاری رکھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس سیزن میں شیڈول ہر میچ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ سیزن میں شامل دوطرفہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز پاکستان ویمنز ٹیم کی آئندہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی کی صورتحال واضح کردیں گے جبکہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز قومی خواتین کرکٹ سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کوفروری میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں معاونت کریں گے۔
بسمہ نے کہا کہ وہ اب تک اپنے کرکٹ کیرئیر میں بھرپور تعاون کرنے اور اب فاطمہ کی پیدائش کے بعد ورک لائف توازن کو برقرار رکھنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی بہت مشکور ہیں۔
ایک وقت آیا تھا کہ جب انہوں نے اپنے شوق کو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا مگر پاکستان کرکٹ بورڈ نے میٹرنٹی پالیسی متعارف کروا کے انہیں ایسا کرنے سے روکا اور اپنے شوق کی تکمیل میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
سربراہ ویمنز کرکٹ تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ بسمہ آن اور آف دا فیلڈ اپنے طرز عمل کی بدولت دنیا بھر کی خواتین کے لیے ایک متاثرکن شخصیت کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہیں امید کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کی زیرقیادت آئندہ سال بہترین نتائج دے گی۔
بسمہ نے دسمبر 2006 میں 15 سال کی عمر میں بھارت کے خلاف ڈیبیو کیا تھا۔ وہ پانچ ہزار سے زائد انٹرنیشنل رنز بنانے والی پاکستان کی واحد خاتون کھلاڑی ہیں۔
انہیں 2016 میں قومی ٹی ٹونٹی ٹیم اور 2017 میں قومی ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کی کپتان مقرر کیا گیا تھا۔