متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے صدارتی امور نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ خليفة بن زايد آل نهيان جمعہ 13 مئی کو انتقال کر گئے ہیں۔
وزارت کے بیان کے مطابق ’وزارت صدارتی امور متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ خليفة بن زايد آل نهيان کے انتقال پر متحدہ عرب امارات، عرب اور اسلامی قوم اور دنیا کے عوام سے تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔‘
اماراتی نیوز ایجنسی ’وام‘ کے مطابق صدارتی امور کی وزارت نے شیخ خليفة بن زايد آل نهيان کے انتقال پر 40 روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
اماراتی صدرشیخ خليفة بن زايد آل نهيان کے انتقال پر متحدہ عرب امارات میں تمام وزارتوں، سرکاری و نجی اداروں اور سکولوں میں آج بروز جمعہ 13 مئی سے 3 روز تک تعطیل رہے گی۔
شیخ خليفة بن زايد آل نهيان تین نومبر 2004 کو متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران بنے تھے۔
وہ اپنے والد مرحوم شیخ زاید بن سلطان آل نهيان کے جانشین منتخب ہوئےتھے جنہوں نے 1971 میں یونین کے بعد متحدہ عرب امارات کے پہلے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں اور ان کا انتقال دو نومبر 2004 میں ہوا۔
1948 میں پیدا ہونے والے شیخ خلیفہ متحدہ عرب امارات کے دوسرے صدر اور ابوظہبی کی امارات کے 16ویں حکمران تھے۔ وہ شیخ زید کے بڑے بیٹے تھے۔
متحدہ عرب امارات کا صدر بننے کے بعد شیخ خلیفہ نے وفاقی حکومت اور ابوظہبی، دونوں کی ایک بڑی تنظیم نو کی۔
ان کے دور حکومت میں متحدہ عرب امارات نے تیز رفتار ترقی دیکھی اور لوگوں کے لیے باوقار زندگی کو یقینی بنایا۔
انہوں نے امارات کی فلاح و بہبود کے لیے پورے متحدہ عرب امارات میں وسیع دورے کیے، اس دوران انہوں نے ہاؤسنگ، تعلیم اور سماجی خدمات سے متعلق متعدد منصوبوں کی تعمیر کے لیے ہدایات دیں۔
شیخ خلیفہ اپنے عوام کے معاملات میں گہری دلچسپی رکھنے کے لیے جانے جاتے تھے۔
وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے شیخ خليفة بن زايد آل نهيان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اک بصیرت رکھنے والا رہنما تھے اور پاکستان ایک اچھے دوست سے محروم ہو گیا ہے۔
Deeply grieved to hear about the passing of HH Sheikh Khalifa bin Zayed Al-Nahyan, President of UAE. UAE has lost a visionary leader & Pakistan a great friend. We send our heartfelt condolences & sympathies to the government & people of the UAE. May Allah rest his soul in peace!
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) May 13, 2022
پاکستان چیف آف آرمی سٹاف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خليفة بن زايد آل نهيان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان ایک عظیم دوست سے محروم ہو گیا۔ خدا ان کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو یہ نقصان عظیم برداشت کرنے کا صبر دے۔‘
#COAS & all ranks of Pak Army express heartfelt condolence on the sad demise of President of UAE,HH, Sheikh Khalifa Bin Zayed Al-Nahyan. “Pak has lost a great friend. May Allah Almighty bless his soul & give strength to bereaved family 2 bear this irreparable loss, Ameen” COAS.
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) May 13, 2022
چیئرمین پی پی پی اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خليفة بن زايد آل نهيان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امیرِ دبئی شیخ خليفة بن زايد آل نهيان کا متحدہ عرب امارات کی ترقی میں مثالی کردار ناقابل فراموش ہے نیز ان کے انتقال سے خطہ عرب ایک غیرمعمولی حکمران سے محروم ہوگیا۔