فن لینڈ اور سویڈن کی نیٹو اتحاد میں شمولیت کی باضابطہ درخواست

سرد جنگ میں غیر جانبدار رہنے والے شمالی یورپی ممالک سویڈن اور فن لینڈ نے نیٹو اتحاد میں شامل ہونے کے لیے باقاعدہ درخواست جمع کروا دی۔

نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ 18 مئی، 2020 کو برسلز میں رکنیت کے لیے سویڈن اور فن لینڈ کی درخواست جمع کرانے کی تقریب میں (تصویر: اے ایف پی)

شمالی یورپی ممالک فن لینڈ اور سویڈن نے امریکہ کی سربراہی میں بننے والے سرد جنگ کے اتحاد نیٹو کی رکنیت کے لیے باضابطہ درخواست جمع کروا دی ہے۔

دونوں ممالک کے نمائندوں نے بیلجیئم کے شہر برسلز میں موجود نیٹو کے صدر دفتر میں اتحاد کے سیکریٹری جنرل جینز سٹولٹن برگ کو جمع کروائی۔

اس موقع پر جینز کا کہنا تھا کہ ’میں فن لینڈ اور سویڈن کی جانب سے نیٹو اتحاد میں شمولیت کی درخواست کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ آپ قریبی شراکت دار ہیں اور نیٹو میں آپ کی رکنیت ہماری مشترکہ سکیورٹی کو بڑھائے گی۔‘

جینز نے فن لینڈ اور سویڈن کے اس اقدام کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے جو آج درخواست دی ہے وہ تاریخی قدم ہے۔ اتحادی اب نیٹو کی طرف اگلے قدم کے بارے میں سوچیں گے۔‘

جینز نے اس موقع پر نیٹو کے دیگر اتحادیوں کی جانب سے نیٹو رکنیت میں اضافے کی مخالفت پر کھل کر تو بات نہیں کی لیکن ان کا کہنا تھا کہ ’تمام اتحادیوں کے سکیورٹی مفاد کا خیال رکھنا ہو گا اور ہم پرعزم ہیں کہ تمام مسائل پر کام کرتے ہوئے جلد ہی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔‘

یاد رہے کہ فن لینڈ اور سویڈن سرد جنگ کے دوران غیر جانبدار رہے تھے لیکن روس کے یوکرین پر حملے کے بعد یہ فیصلہ شمالی یورپ میں ایک بڑی تبدیلی ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا