سری لنکن ویمن ٹیم کل پہلی بار پاکستانی میدانوں میں اترے گی

سیریز میں پاکستان ویمنز کی قیادت بسمہ معروف اور سری لنکا ویمنزکی کپتانی چماری اتا پاتو کریں گی۔

پاکستان اور سری لنکا ویمن کرکٹ ٹیمز کی کپتان بحیرہ عرب میں ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کے ہمراہ (تصویر: پی سی بی)

ساؤتھ اینڈ کلب کراچی میں تین روزہ سخت تربیتی مشقوں کے بعد پاکستان اور سری لنکا کی ویمن کرکٹ ٹیمیں 24 مئی سے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز میں مدمقابل ہوں گی۔

سیریز میں پاکستان ویمن ٹیم کی قیادت بسمہ معروف اور سری لنکا کی کپتانی چماری اتا پاتو کریں گی۔

یہ پہلا موقع ہوگا جب پاکستان اور سری لنکا کی خواتین ٹیمیں پاکستان میں کسی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں مدمقابل آئیں گی۔اس سے قبل دونوں ٹیمیں اب تک 13 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں مدمقابل آچکی ہیں، جہاں چھ مرتبہ پاکستان اور چھ مرتبہ سری لنکا ویمنز کرکٹ ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ ایک میچ بے نتیجہ ختم ہوا۔

 سیریز کے میچز 24، 26 اور 28 مئی کو ساؤتھ اینڈ کلب کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ یہ  تمام میچز دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے۔یہ میچز پی ٹی وی سپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان ساتویں جبکہ سری لنکا آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان کی انعم امین اور ڈیانا بیگ کا اس طرز کی کرکٹ کی درجہ بندی میں پہلی دس خواتین باؤلرز میں شمار ہوتا ہے۔ مہمان سکواڈ کی کپتان اتا پاتو بیٹرز کی رینکنگ میں آٹھویں اور آل راؤنڈرز کی فہرست میں ساتویں نمبر پر براجمان ہیں۔ آل راؤنڈر کی درجہ بندی میں ندا ڈار کا نواں نمبر ہے۔

یہ 16 سال بعد سری لنکا ویمنز کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کپتان پاکستان ویمنز ٹیم بسمہ معروف نے کہا کہ وہ سری لنکا کے خلاف شاندار سریز کی منتظر ہیں۔ ورلڈکپ کے بعد اب یہ سیریز پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے ایک نئی شروعات ثابت ہوگی۔رواں سال پاکستان ویمنز ٹیم کو بہت سیریز کھیلنی ہیں، سری لنکا کے خلاف یہ سیریز کامن ویلتھ گیمز کی تیاری میں معاونت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ سیریز جونیئر کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ثابت ہوگی۔ان کنڈیشنز میں سری لنکا کی ٹیم آسان حریف نہیں ہوگی۔

کپتان سری لنکا ویمنز ٹیم چماری اتاپاتو کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کی سرزمین پر اس کی مضبوط خواتین ٹیم کے خلاف سیریز کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین  تعلقات ہمیشہ دوستانہ رہے ہیں۔ یقین ہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز شاندار رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ سری لنکا ویمنز ٹیم میں سینئرز اور جونیئرز کا بہترین توازن موجود ہے۔ امید ہے ان کی ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ